
خلیج اردو
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی Roads and Transport Authority نے رمضان المبارک کے دوران پبلک پارکنگ کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیر سے ہفتہ تک پارکنگ فیس دو مختلف اوقات میں لاگو ہوگی، پہلا دورانیہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جبکہ دوسرا دورانیہ رات 8 بجے سے 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
ان اوقات کے درمیان مغرب کے وقت تقریباً دو گھنٹے پارکنگ مفت ہوگی تاکہ روزہ دار نماز اور افطار کے دوران سہولت حاصل کر سکیں۔
اتھارٹی کے مطابق ملٹی اسٹوری پارکنگ سہولیات چوبیس گھنٹے فعال رہیں گی۔ اس کے علاوہ دبئی میٹرو ریڈ لائن اور گرین لائن پیر تا جمعرات صبح 5 بجے سے رات 12 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز صبح 5 بجے سے رات 1 بجے تک چلیں گی۔
اسی طرح دبئی ٹرام پیر سے ہفتہ صبح 6 بجے سے رات 1 بجے تک جبکہ اتوار کے روز صبح 9 بجے سے رات 1 بجے تک دستیاب ہوگی۔
اتھارٹی نے شہریوں کو پبلک بسز اور میرین ٹرانسپورٹ کے تازہ ترین شیڈول کے لیے ایس ہیل ایپ اور ویب سائٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔







