متحدہ عرب امارات

دبئی کے کینسر سے صحت یاب سائیکلسٹ کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا بارسلونا سے پیرس تک 3,333 کلومیٹر خیراتی سفر، کینسر مریضوں کے لیے فنڈز جمع کیے جائیں گے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم پندرہ رکنی سائیکلنگ ٹیم نے کینسر کے مریضوں کی مدد کے لیے اسپین کے شہر بارسلونا سے فرانس کے دارالحکومت پیرس تک تین ہزار تین سو تینتیس کلومیٹر طویل خیراتی سائیکل سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ پچیس روزہ اس مہم کے دوران ٹیم چون ہزار میٹر سے زائد بلندی طے کرے گی اور حاصل ہونے والے عطیات دبئی کی الجلیلہ فاؤنڈیشن کے کینسر کی دیکھ بھال کے منصوبوں کے لیے وقف کیے جائیں گے۔

روانگی سے قبل دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی، دبئی ایئرپورٹس اور امارات ایئرلائن گروپ کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے ٹیم سے ملاقات کی اور اس مہم کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹیم کے بانی اور چوتھے مرحلے کے آنتوں کے کینسر سے صحت یاب ہونے والے گائیڈو ڈی وائلڈ نے کہا، "یہ سفر ہر اس شخص کے لیے امید کا پیغام ہے جسے بیماری کے سامنے ہار مان لینے کا کہا گیا ہو۔”

ٹیم میں کاروباری شخصیات، تجربہ کار سائیکلسٹس اور کینسر کو شکست دینے والے افراد شامل ہیں۔ کئی شرکا اپنے عزیزوں کی یاد میں یا زیرِ علاج مریضوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

الجلیلہ فاؤنڈیشن کے مطابق اس خیراتی مہم سے حاصل ہونے والی تمام رقم ایسے مریضوں کے علاج، کینسر سے متعلق تحقیق اور متحدہ عرب امارات میں علاج کی سہولیات کو مزید وسعت دینے پر خرچ کی جائے گی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس طویل اور کٹھن سفر کا مقصد کینسر کے مریضوں کی ہمت، استقامت اور امید کو عملی طور پر اجاگر کرنا بھی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button