متحدہ عرب امارات

دبئی: فوٹو کھینچتے ہوئے بھارتی نوجوان عمارت سے گر کر جاں بحق

خلیج اردو
دبئی میں ایک بھارتی نوجوان اس وقت جاں بحق ہوگیا جب وہ عمارت کی چھت سے فوٹو کھینچتے ہوئے نیچے گر گیا۔ 19 سالہ مشعل محمد کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے تھا جو دبئی میں اپنے کزن کے گھر آیا ہوا تھا۔

سماجی کارکن ایم کے کے مطابق مشعل فوٹوگرافی کا شوقین تھا اور عمارت کی تیسری منزل کی چھت سے ہوائی جہازوں کی تصویریں لینے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک ایک پول سے ٹکرا کر نیچے گر گیا۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر راشد اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایم کے نے بتایا کہ مشعل کے والدین اور دو بہنیں بھارت میں مقیم ہیں جبکہ وہ اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ نوجوان گزشتہ ماہ وزٹ ویزے پر دبئی آیا تھا۔ میت کو بدھ کی صبح بھارت روانہ کیا جائے گا جہاں اس کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

یہ اس سال کا دوسرا واقعہ ہے جب ایک کم عمر طالبعلم عمارت سے گر کر جاں بحق ہوا۔ اپریل میں ابوظہبی انڈین اسکول کے 17 سالہ طالبعلم ایلکس بنائے بھی تیسری منزل سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button