
خلیج اردو
اسلام آباد: صدر مملکت سے مشاورت کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ آصفہ بھٹو کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایوان میں پہنچنے پر انہوں نے خواجہ آصف اور محمود خان اچکزئی سمیت مختلف اراکین سے مصافحہ کیا اور اپوزیشن بینچوں پر جا کر اپوزیشن ارکان سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور پیپلز پارٹی کے تمام اراکین کو پارلیمنٹ کے اندر موجود رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اراکین پارٹی ڈسپلن کی مکمل پابندی کریں کیونکہ پیپلز پارٹی ستائیسویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی پر ستائیسویں ترمیم کے حوالے سے تنقید ہو رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ ترمیم کسی ایک شخص کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ "میں اپنی تقریر میں بات کروں گا، پیپلز پارٹی پر ہمیشہ ہی تنقید ہوتی ہے۔”






