
خلیج اردو
دبئی: دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کیولس–ایم ایچ آئی کے تعاون سے دبئی میٹرو اور ٹرام اسٹیشنز پر مسافروں کی رہنمائی کو مزید آسان بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ مکمل کرلیا ہے، جس کے تحت تمام اسٹیشنز پر نئے سائن بورڈ نصب کیے گئے ہیں۔
آر ٹی اے کے ریلوے ایجنسی کے ڈائریکٹر آف ریل آپریشنز حسن المطوع نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ریڈ اور گرین لائن کے تمام اسٹیشنز پر تقریباً 9 ہزار نشانی بورڈ نصب اور تبدیل کیے گئے، جن پر تقریباً 11 ہزار ورک آورز صرف ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں داخلی اور خارجی راستوں کے بورڈز کی اپ گریڈیشن شامل تھی، نئے سائن اسٹیشنز کے داخلی و خارجی راستوں پر نصب کیے گئے ہیں جبکہ ایگزٹ سائنز کو پیلے رنگ کے نمایاں خانوں میں رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ واضح نظر آئیں۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر سمت بتانے والے نئے اشاریے اور فرش پر اسٹیکرز بھی لگائے گئے ہیں تاکہ مسافر درست ٹرین لائن کی طرف باآسانی جا سکیں۔
حسن المطوع نے کہا کہ عوامی رویے اور آداب کے فروغ کے لیے بھی مختلف پیغامات اسٹیکرز کی شکل میں اسٹیشنز اور ویٹنگ ایریاز میں لگائے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو بہتر سفر کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین و بچوں کے کیبن اور گولڈ کلاس مسافروں کے آرام کو یقینی بنانے اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے کو روکنے کے لیے نمایاں بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔ پرانے فرش مارکنگ کو ختم کرکے اب واضح گلابی اور سنہری بورڈز نصب کیے گئے ہیں جن پر بالترتیب ‘ویمن اینڈ چلڈرن کیبن’ اور ‘گولڈ کلاس کیبن’ درج ہے۔
مزید برآں، ان تبدیلیوں کو یکسانیت کے لیے آر ٹی اے کے اسمارٹ سسٹمز، موبائل ایپلیکیشنز، ٹرین آڈیو اناؤنسمنٹس، پلیٹ فارم اناؤنسمنٹس اور سوشل میڈیا چینلز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔






