
خلیج اردو
دبئی: دبئی میونسپلٹی نے کاروباری حضرات کو خبردار کیا ہے کہ بعض افراد میونسپلٹی سے منسوب ایک جعلی میگزین ‘Municipalities and Union Magazine’ کے لیے مبارکبادی اشتہارات کے نام پر لاکھوں درہم وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میونسپلٹی نے خلیج ٹائمز کو دیے گئے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس کا اس میگزین سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی کسی فرد یا ادارے کو اس کی جانب سے اشتہارات یا تجارتی تعاون اکٹھا کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ "دبئی میونسپلٹی کسی بھی مخصوص اشاعت کو شائع، اسپانسر یا حمایت نہیں کرتی اور جو بھی اس کے نام یا شناخت کا غیر مجاز استعمال کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔”
خلیج ٹائمز کی جانب سے جب مذکورہ میگزین کے نمائندے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خود کو دبئی میونسپلٹی کا نمائندہ ظاہر کیا، اشتہارات کے نرخ اور میگزین کی مثالیں فراہم کیں اور دعویٰ کیا کہ یہ حکومت کی حمایت یافتہ اشاعت ہے جو مقامی کاروباروں کو فروغ دینے کے لیے جاری کی جا رہی ہے۔
حاصل شدہ نرخ نامہ کے مطابق پچھلے کور کا اشتہار 35 ہزار درہم، اندرونی فرنٹ اور بیک کور 25 ہزار درہم، ڈبل اسپریڈ 18 ہزار درہم، پہلے صفحے کا اشتہار 13 ہزار درہم، مکمل اندرونی صفحہ 10 ہزار درہم، آدھا صفحہ 6 ہزار درہم اور ایک چوتھائی صفحہ 3 ہزار 500 درہم میں پیش کیے جا رہے تھے۔
متاثرین کے مطابق نمائندے کاندورہ پہن کر آتے اور خود کو دبئی میونسپلٹی کا نمائندہ ظاہر کر کے کاروباری افراد کو دھمکانے کی حد تک دباؤ ڈالتے کہ اشتہار نہ دینے کی صورت میں ان کے کاروبار کی شہرت متاثر ہو سکتی ہے۔ کئی کاروباری حضرات نے شکایت کی کہ انہیں اس قسم کی کالز ایک عرصے سے مل رہی ہیں۔
کاروباری حضرات نے میگزین کی سرکولیشن پر بھی سوال اٹھائے ہیں، جن کے مطابق یہ واضح نہیں کہ یہ میگزین واقعی شائع ہوتا ہے یا صرف نمونے کے صفحات ہی دکھائے جا رہے ہیں۔
دبئی میونسپلٹی نے کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں سے ہوشیار رہیں اور اگر کوئی مشکوک رابطہ کرے تو فوری طور پر میونسپلٹی کے کال سینٹر 800 900 پر، ویب سائٹ (www.dm.gov.ae) کے ذریعے یا قریبی کسٹمر ہیپی نیس سینٹر پر رپورٹ کریں۔ میونسپلٹی نے یقین دلایا کہ ایسی شکایات پر فوری اور خفیہ کارروائی کی جائے گی۔







