متحدہ عرب امارات

دبئی میوزیم آف دی فیوچر کی موجودہ نمائش ستمبر 2026 میں اختتام پذیر ہوگی، 2027 میں نئے تجربات متعارف کرائے جائیں گے

خلیج اردو
دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ نمائش ستمبر 2026 کے وسط تک عوام کے لیے کھلی رہے گی، جس کے بعد نئی نسل کے انٹرایکٹو تجربات کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔

میوزیم کے مطابق نئے تجربات 2027 میں اس کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرائے جائیں گے، جنہیں دنیا بھر سے موصول ہونے والے عوامی خیالات اور تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے۔

حال ہی میں میوزیم نے عالمی سطح پر عوام سے آئندہ نمائشوں کے لیے تجاویز طلب کی تھیں، جس پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی نمائشیں پہلے سے زیادہ جدید، انٹرایکٹو اور عمیق (Immersive) ہوں گی، جہاں زائرین آنے والی دہائیوں میں سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت سے پیدا ہونے والے مواقع اور چیلنجز کو منفرد انداز میں دریافت کر سکیں گے۔

میوزیم آف دی فیوچر کے چیئرمین محمد القرقاوی کا کہنا ہے کہ روایتی عجائب گھر ماضی کو محفوظ کرتے ہیں، جبکہ میوزیم آف دی فیوچر اس مستقبل کا تصور پیش کرتا ہے جو علم، تخیل اور جدت کے ذریعے تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

میوزیم انتظامیہ نے بتایا ہے کہ نئی نمائشوں اور پروگرامز کی مزید تفصیلات آئندہ چند ماہ میں جاری کی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button