
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے رمضان کے پہلے نصف میں 127 بھکاریوں کو گرفتار کر کے 50,000 درہم سے زائد رقم برآمد کر لی۔ بھکاریوں کے خلاف مہم کا مقصد ملک کی مہذب تصویر کو برقرار رکھنا اور بھیک مانگنے کے جرم کو روکنا ہے۔
کرنل احمد العدیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر برائے مشتبہ افراد اور مجرمانہ مظاہر، نے کہا کہ سخت اور فیصلہ کن اقدامات کی وجہ سے یہ مہم ہر سال بھکاریوں کی تعداد کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی پولیس اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر بھکاریوں کے خلاف ایک جامع سیکیورٹی پلان تیار کرتی ہے اور ان علاقوں میں گشت بڑھاتی ہے جہاں بھکاریوں کی موجودگی کا امکان ہو۔
کرنل العدیدی نے وضاحت کی کہ بھیک مانگنے کا رجحان معاشرتی تحفظ کے لیے خطرہ ہے، ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور اس کی مہذب شناخت کو مسخ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھیک مانگنے کا تعلق چوری، جیب تراشی اور بچوں، بیماروں اور معذور افراد کے استحصال جیسے دیگر جرائم سے بھی جڑا ہوا ہے۔
حکام نے تاکید کی کہ مالی امداد کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ وہ سرکاری اداروں، تنظیموں اور فلاحی انجمنوں سے رابطہ کریں۔
دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھکاریوں کو رقم دینے کے بجائے مستحق افراد تک امداد پہنچانے کے لیے فلاحی اداروں کو عطیات دیں۔
کیپٹن عبداللہ خمیس، سربراہ اینٹی بیگنگ سیکشن، نے عوام کو تاکید کی کہ وہ بھکاریوں کی اپیل پر ہمدردی نہ کریں اور فوری طور پر کسی بھی بھکاری کی اطلاع پولیس کے کال سینٹر (901) یا دبئی پولیس کی اسمارٹ ایپلی کیشن پر "پولیس آئی” سروس کے ذریعے دیں۔