
خلیج اردو
دبئی: دبئی کے ڈی آئی ایف سی میں واقع ریسٹورنٹ ‘نہاتے’ میں پیش کیے جانے والے ایک منفرد کوکٹیل نے دنیا کا مہنگا ترین مشروب بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جس کی قیمت 1 لاکھ 56 ہزار درہم رہی۔ یہ شاہکار کوکٹیل ایک خاص نیلامی میں دبئی کی ماڈل اور کاروباری شخصیت ڈیانا احدپور نے جیتا۔
ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر آف بیوریج اینڈ مارکیٹنگ، آندرے بولشاکوف کے مطابق اس مشروب کو دنیا کا پرتعیش ترین کوکٹیل بنانے کے لیے ہر حد پار کی گئی۔ نیلامی کی ابتدا 60 ہزار درہم سے ہوئی، لیکن دلچسپی بڑھنے کے باعث اس کی قیمت ڈھائی گنا ہو گئی۔
یہ مشروب 1937 میں تیار کیے گئے خاص ‘باکارات’ کرسٹل گلاس میں پیش کیا گیا، جو پہلے ایک عجائب گھر میں محفوظ تھا اور جسے خصوصی طور پر پیرس سے لایا گیا۔ اس گلاس کا جوڑا بھی خریدار کو تحفے میں دیا گیا۔
مشروب میں استعمال ہونے والی شرابوں اور اجزا کی فہرست بھی غیر معمولی ہے، جن میں میکسیکو سے خصوصی طور پر تیار کی گئی پترون ٹیکیلا، 1950 کی دہائی کی نایاب "کینا لیلے” وائن (جو جیمز بانڈ 007 کے کوکٹیل میں استعمال ہوتی تھی) اور 1930 کی دہائی کی "انگوسٹورا بٹرز” شامل تھیں۔
اس شاہکار مشروب کو دنیا کے معروف بارٹینڈر، سالواتور "دی ماسٹرو” کالبریسے نے تیار کیا، جو عالمی سطح پر مشہور شخصیات کے لیے مشروبات تیار کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
دنیا کا مہنگا ترین مک ٹیل بھی دبئی میں
اسی روز دبئی کے البرسیلو ہوٹل، الجداف میں واقع ‘جمی ڈکس ریسٹورنٹ اینڈ لاؤنج’ نے دنیا کا مہنگا ترین غیر الکحل مشروب (مک ٹیل) بھی متعارف کروایا، جس کی قیمت 12,099 درہم رکھی گئی۔
یہ پُرتعیش مشروب خالص چاندی کے پیالے میں پیش کیا گیا، جو مہمان کو یادگار کے طور پر دیا گیا۔ اس میں کرین بیری، پودینہ، انار کا رس، سمندری نمک اور 24 قیراط خالص سونے کا پاؤڈر اور پانی شامل تھا، ساتھ میں سونے سے مزین دو اسٹارٹرز بھی پیش کیے گئے۔
یہ خیال ‘بوہو کیفے گروپ’ کی بانی، بھارتی نژاد سچیتا شرما نے پیش کیا اور ‘جمی ڈکس’ کے بار مینجر فریڈرک نے اسے عملی شکل دی۔ شرما نے کہا، "یہ کوئی گِمِک نہیں، بلکہ ایک یادگار لمحہ تخلیق کرنے کی کوشش ہے۔”
چینی شہری یاؤ لی نے لانچ پر لکی ڈرا جیت کر پہلا مک ٹیل آزمایا اور کہا، "یہ ناقابل یقین تجربہ تھا۔”
تنظیم کے مطابق وہ جلد ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کے لیے درخواست دیں گے۔