متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کا شام کے لیے فضائی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

خلیج اردو
ابوظبہی: متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی  نے پیر کی شب ایک بیان میں شام کے لیے فضائی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ اتھارٹی کے مطابق، متحدہ عرب امارات اور شامی عرب جمہوریہ کے درمیان پروازوں کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر مشترکہ ہم آہنگی جاری ہے تاکہ مسافروں اور سامان کی نقل و حمل کو فروغ دیا جا سکے۔

یاد رہے کہ جنوری 2024 کے اوائل میں شام میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تمام پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔ 7 جنوری کو دمشق سے شارجہ کے لیے روانہ ہونے والی شامی ایئرلائن کی پرواز، جس میں 145 شامی مسافر سوار تھے، اس بحران کے بعد پہلی بین الاقوامی تجارتی پرواز تھی۔

پروازوں کی بحالی کا اعلان اتوار کو اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید اور شام کے عبوری رہنما احمد الشرع کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ملاقات میں اماراتی صدر نے شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے ملک کی حمایت کا اعادہ کیا اور شام کے عوام کو عبوری دور میں سہارا دینے اور ملک کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی اعلان کیا تھا کہ ان کا ایک وفد جلد شام کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی پروازوں کی بحالی کی تیاری کی جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button