متحدہ عرب امارات

دبئی: ایمریٹس گروپ کا 17,300 نئی بھرتیوں کا اعلان، دنیا بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ کا آغاز

خلیج اردو
دبئی: ایمریٹس گروپ نے ایک بڑے بھرتی مہم کے تحت رواں مالی سال کے دوران 17,300 نئی ملازمتوں کا اعلان کیا ہے، جو کہ ایک درمیانے درجے کے شہر کی آبادی کے برابر ہے۔ نئی بھرتیاں ایمریٹس ایئرلائن، دناتا اور گروپ کی دیگر اکائیوں میں کی جائیں گی۔

گروپ کے مطابق کیبن کریو، پائلٹس، انجینئرز، سیلز اور کمرشل ٹیمز، کسٹمر سروس، گراؤنڈ ہینڈلنگ، کیٹرنگ، آئی ٹی، ایچ آر اور فنانس سمیت مختلف شعبوں میں سیکڑوں ملازمین کی ضرورت ہے۔

ایمریٹس گروپ نے 2022 سے اب تک 41,000 سے زائد باصلاحیت افراد کو بھرتی کیا ہے، جن میں 27,000 سے زائد آپریشنل کرداروں میں شامل ہیں۔ اس وقت گروپ کے پاس 121,000 افراد پر مشتمل عالمی افرادی قوت ہے۔

گروپ کا کہنا ہے کہ وہ دنیا بھر کے 150 شہروں میں 2,100 سے زائد اوپن ڈے اور ٹیلنٹ ایکوزیشن ایونٹس کا انعقاد کرے گا تاکہ باصلاحیت پائلٹس، انجینئرز، آئی ٹی ماہرین اور کیبن کریو کی بھرتی کی جا سکے۔ دبئی میں مقامی طلبا و فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے خصوصی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔

دناتا کی جانب سے صرف کیٹرنگ، کارگو اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کے لیے 4,000 سے زائد ماہرین درکار ہیں۔

ایمریٹس گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے کہا:
"ہم عالمی معیار کا ٹیلنٹ تلاش کر رہے ہیں تاکہ ہوابازی کے مستقبل کو نئی جہت دی جا سکے، اور ہماری جدت، عمدگی اور ترقی کی ثقافت کو مزید فروغ ملے۔ یہ ایک نایاب موقع ہے کہ باصلاحیت افراد ایمریٹس گروپ کے مستقبل، حکمت عملی اور ترقی کا حصہ بنیں۔”

37 لاکھ سے زائد درخواستیں
ایمریٹس گروپ نے بتایا کہ دنیا بھر سے 37 لاکھ سے زائد افراد نے مختلف عہدوں کے لیے درخواستیں دیں۔ ملازمت کے خواہاں افراد کو گروپ کی عالمی شہرت، ٹیکس فری تنخواہ، بہترین سہولیات، تربیتی پروگرامز اور کیریئر ڈیولپمنٹ کی کشش نے متوجہ کیا۔

تنخواہ کے علاوہ ملازمین کو منافع میں شراکت، جامع طبی و انشورنس کوریج، سالانہ چھٹی کے ٹکٹس، رعایتی کارگو ریٹس، اور مختلف خوردہ، ہوٹلنگ و لائف اسٹائل اسٹورز پر ڈسکاؤنٹ کارڈز جیسے بے شمار فوائد فراہم کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button