متحدہ عرب امارات

دبئی کا گلوبل ولیج 14 اکتوبر کو سیزن 31 کے لیے کھل جائے گا، نئی تفریح اور خریداری کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے

خلیج اردو
دبئی کا معروف خاندانی تفریحی مرکز گلوبل ولیج سیزن 31 کے لیے 14 اکتوبر 2026 کو کھول دیا جائے گا اور نیا سیزن مئی 2027 تک سات ماہ سے زائد جاری رہے گا۔ ’’اے مور ونڈرفل ورلڈ‘‘ کے عنوان سے شروع ہونے والے سیزن میں تفریح، کھانے پینے اور خریداری کے ساتھ متعدد نئے تجربات بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

گلوبل ولیج 1997 میں آغاز کے بعد دبئی کے ثقافتی اور تفریحی کیلنڈر کا اہم حصہ بن چکا ہے اور ہر سال متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ نئے سیزن میں مختلف ممالک کی ثقافتوں، عالمی کھانوں، براہ راست تفریح اور منفرد خریداری کے تجربات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

گلوبل ولیج کا سیزن 30، 31 مئی 2026 کو اختتام پذیر ہوا تھا۔ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث سیزن میں تین ہفتوں کی توسیع کی گئی، تاہم علاقائی کشیدگی کے باعث پارک کو 51 دن سے زیادہ عرصے تک بند بھی رکھنا پڑا اور 20 اپریل کو دوبارہ کھولا گیا۔

سیزن 30 میں 30 پویلینز کے ذریعے 90 سے زائد ثقافتوں کی نمائندگی کی گئی، جبکہ 3 ہزار 500 سے زائد دکانیں اور 250 سے زیادہ کھانے پینے کے مقامات موجود تھے۔ 450 بین الاقوامی فنکاروں نے 40 ہزار 500 سے زائد پرفارمنسز پیش کیں، جبکہ کارنیوال میں 200 سے زیادہ جھولے اور کھیل بھی شامل تھے۔

نئے سیزن سے قبل کھانے پینے کے کاروباروں کے لیے رجسٹریشن بھی شروع کردی گئی ہے، جس کی آخری تاریخ 16 ستمبر 2026 مقرر ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button