متحدہ عرب امارات

دبئی سے نیوکاسل جانے والی ایمریٹس فلائٹ نے ہنگامی صورت حال کے باعث ایڈنبرگ میں لینڈنگ کی

خلیج اردو
27 جنوری کو دبئی سے نیوکاسل جانے والی ایمریٹس فلائٹ EK35 کو شدید موسمی حالات کے باعث ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا اور اسے ایڈنبرگ ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے کے لیے روٹ تبدیل کرنا پڑا۔

فلائٹ شمالی انگلینڈ کے قریب پہنچتے ہی طوفان "چندرا” کی وجہ سے شدید بارش، دھند اور 60 میل فی گھنٹہ کی کراس ونڈز کا سامنا کیا، جس سے لینڈنگ مشکل ہو گئی۔ پائلٹس نے طیارے کو مستحکم کرنے کی کوشش کی اور دو بار لینڈنگ کی کوششیں (go-arounds) کیں۔

ایمریٹس کی جانب سے بتایا گیا کہ، "27 جنوری کے منفی موسمی حالات کے باعث فلائٹ EK035 دبئی سے نیوکاسل کی بجائے ایڈنبرگ میں لینڈ کرنے پر مجبور ہوئی۔” یہ فلائٹ دبئی سے 13:53 بجے روانہ ہوئی تھی اور مقررہ وقت پر نیوکاسل پہنچنے کے بجائے ایڈنبرگ ائیرپورٹ پر بحفاظت لینڈ ہوئی۔

فلائٹ کے دوران پائلٹ نے ‘squawk 7700’ کا استعمال کیا، جو فضائی کنٹرول کو طیارے میں سنگین ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینے کے لیے استعمال ہونے والا کوڈ ہے۔ اس سے نہ صرف ایئر ٹریفک کنٹرول الرٹ ہوتا ہے بلکہ ہنگامی ٹیموں کو بھی فوری ردعمل کے لیے تیار رہنے کا اشارہ ملتا ہے۔

ایمریٹس نے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button