متحدہ عرب امارات

دبئی:لاپتہ ہونے والا 6 سالہ خصوصی بچہ ایک گھنٹے میں اہل خانہ سے دوبارہ مل گیا

خلیج اردو
دبئی میں ایک 6 سالہ خصوصی بچہ گھر سے نکل کر گم ہو گیا تھا، تاہم دبئی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ایک گھنٹے کے اندر اس کے اہل خانہ سے ملا دیا۔ والدین دونوں یہی سمجھتے رہے کہ بچہ دوسرے کے ساتھ ہے۔

دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف آپریشنز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نائف مارکیٹ میں ایک بچے کے گم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس افسران فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچے کو روتا اور شدید پریشانی کی حالت میں پایا۔

پولیس اہلکاروں نے بچے کو فوراً تھانے منتقل کیا جہاں وکٹم سپورٹ سیکشن نے اس کی دیکھ بھال اور دلاسہ دیا۔ نائف پولیس اسٹیشن کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر عمر موسیٰ عاشور نے بتایا کہ بچے کے والد کو ایک گھنٹے کے اندر تلاش کر لیا گیا۔ والد نے بتایا کہ وہ اسی عمارت میں ایک دکان میں کام کرتے ہیں جہاں خاندان رہائش پذیر ہے۔ بچہ والدہ کے ساتھ والد کی دکان پر جانے کے ارادے سے گھر سے نکلا، لیکن راستے میں والدین سے الگ ہو کر سڑک پر نکل آیا۔

والد نے بیٹے کے ساتھ دوبارہ ملاپ کے بعد یہ یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا واقعہ رونما نہ ہو، اور بچے کی حفاظت کے لیے اس کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔

حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔ پولیس نے والدین کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو سکھائیں کہ اگر وہ کہیں گم ہو جائیں تو فوری طور پر پولیس یا سکیورٹی اہلکاروں سے مدد حاصل کریں، خاص طور پر عوامی مقامات پر۔

اسی سال کے آغاز میں ایک ایسا ہی واقعہ اجمان میں پیش آیا تھا، جہاں ایک 7 سالہ بچہ مین روڈ پر تنہا پایا گیا۔ ایک باشعور عرب شہری نے بچے کو پولیس اسٹیشن پہنچایا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بچوں کی حفاظت کے لیے کمیونٹی کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button