متحدہ عرب امارات

الذید میں اتحاد ریل کا نیا اسٹیشن کھل گیا، ابوظبی اور فجیرہ کا سفر مزید آسان ہوگیا

خلیج اردو
شارجہ کے علاقے الذید کو بدھ سے متحدہ عرب امارات کے قومی مسافر ریل نیٹ ورک سے جوڑ دیا گیا، جس کے بعد شارجہ میں اتحاد ریل کا پہلا اسٹیشن فعال ہوگیا ہے۔ نیا اسٹیشن وسطی شارجہ اور قریبی علاقوں، خصوصاً شوقہ، کے رہائشیوں کو فجیرہ اور ابوظبی تک ریل کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔

شوقہ کے رہائشی مصبح سیف بھی بدھ کی صبح فجیرہ سے الذید پہنچنے والی اتحاد ریل سروس کے مسافروں میں شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی امارات کے شہریوں کے لیے ابوظبی پہنچنے کے لیے اتحاد ریل پہلی ترجیح بن گئی ہے، خصوصاً ان مریضوں کے لیے جو علاج اور فالو اَپ اپائنٹمنٹس کے لیے ابوظبی کے ہسپتالوں کا سفر کرتے ہیں۔

مصبح سیف کے مطابق ماضی میں ایسے مسافروں کو سفر کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ اور کسی ڈرائیور کا انتظام کرنے میں مشکلات پیش آتی تھیں، تاہم اب ٹرین ان کے لیے زیادہ قابل اعتماد ذریعہ بن گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی گاڑی نہ رکھنے والے طلبہ اور تربیتی اداروں میں جانے والے افراد کے لیے بھی ریل سروس ایک موزوں سفری آپشن ہے۔

الذید سے ابوظبی تک ٹرین کا سفر ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت میں مکمل ہوتا ہے، جبکہ فجیرہ کا سفر صرف 25 منٹ میں طے کیا جاسکتا ہے۔

الذید اسٹیشن پر مسافروں کے لیے نماز کی جگہ، انتظار گاہ، واش رومز، ابتدائی طبی امداد کا کمرہ، ٹکٹ وینڈنگ مشینیں، معلومات اور معاونت کا ڈیسک جبکہ مسافروں کو اتارنے اور بٹھانے کے لیے مخصوص جگہ بھی موجود ہے۔ اسٹیشن پر پارکنگ فی الحال مفت ہے، جہاں 26 گاڑیوں کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے، جن میں 7 الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مخصوص ہیں۔

الذید اسٹیشن کو تین بس روٹس سے بھی منسلک کیا گیا ہے، جن میں ای آر ون المدّام بس اسٹیشن، ای آر ٹو السجا بس اسٹیشن اور ای آر تھری الجبیل بس اسٹیشن شامل ہیں۔ اسٹیشن سے ٹیکسی اور رائیڈ ہیلنگ سروسز بھی دستیاب ہیں، جبکہ شارجہ میں ٹیکسی میٹر کا کرایہ 3 درہم سے شروع ہوتا ہے۔

نئی ریل سروس سے الذید اور قریبی دیہات کے رہائشیوں کے روزمرہ سفر میں سہولت متوقع ہے، خصوصاً ان مریضوں، طلبہ اور خاندانوں کے لیے جنہیں ماضی میں ابوظبی یا دیگر علاقوں کے سفر کے لیے الگ سے ڈرائیور یا گاڑی کا انتظام کرنا پڑتا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button