
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں بین الاماراتی سفری نظام میں اہم پیش رفت کے طور پر دبئی سے ابوظبی کیلئے پہلی مسافر ٹرین کل 30 ستمبر کو روانہ ہوگی۔ اتحاد ریل کی مسافر ٹرینیں اماراتی پرچم کے رنگوں سے مزین ہیں جبکہ ان پر ’’پراؤڈ آف یو اے ای‘‘ کے الفاظ بھی درج ہیں۔
میڈیا کے نمائندوں اور بعض مسافروں کو آج ٹرین کے سفر کا خصوصی جائزہ لینے کا موقع ملا، جہاں ٹرین کے اندرونی حصے، کھانے پینے کی سہولیات، سفری مناظر اور دیگر سہولیات کا مشاہدہ کیا گیا، جبکہ مسافر اسٹیشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اتحاد ریل کے مطابق 30 ستمبر سے دبئی اور ابوظبی کے درمیان روزانہ مجموعی طور پر 10 مسافر ٹرین سروسز چلائی جائیں گی، جس سے دونوں امارات کے درمیان سفر زیادہ تیز، آسان اور سہل ہونے کی توقع ہے۔
دبئی سے پہلی مسافر ٹرین بدھ کی صبح 6 بج کر 14 منٹ پر الیلایس اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔ یہ سروس متحدہ عرب امارات میں بین الاماراتی سفر کیلئے ریل کے استعمال کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرے گی۔







