
خلیج اردو
فجیرہ سے ابوظہبی کے درمیان اتحاد ریل کی پہلی مسافر ٹرین سروس کے ابتدائی آپریشنز کا آغاز ہو گیا۔ پہلی ٹرین صبح 5 بج کر 34 منٹ پر فجیرہ سے روانہ ہوئی اور 105 منٹ میں سفر مکمل کرنے کا شیڈول تھا، تاہم ٹرین مقررہ وقت سے 7 منٹ پہلے ابوظہبی اسٹیشن پہنچ گئی۔
فجیرہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا اماراتی روایتی رقص، عربی قہوے اور پرتپاک استقبال سے خیرمقدم کیا گیا، جبکہ ابوظہبی اسٹیشن پر تاریخی سفر مکمل ہونے پر خوشی کا سماں تھا اور مسافروں نے اس موقع کو یادگار قرار دیا۔
اس تاریخی سفر کے دوران ایک دلچسپ واقعہ بھی پیش آیا، جب ایک مسافر اپنا بیگ ٹرین میں بھول گیا۔ ریلوے انتظامیہ نے اعلان کیا کہ بیگ محفوظ طریقے سے معلوماتی ڈیسک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
چھ سالہ ایزن لاحس صمد خصوصی ٹرین یونیفارم پہن کر اس تاریخی سفر میں شریک ہوا۔ اس کے والد صمد نے بتایا کہ ٹکٹوں کی بکنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے نشست حاصل کرنے کی کوشش کی۔ خاندان ایک روز ابوظہبی میں قیام کے بعد اگلے روز اسی ٹرین کے ذریعے واپس فجیرہ روانہ ہوگا۔
اس تاریخی سفر میں شریک مسافروں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی، جبکہ ابوظہبی اسٹیشن پر کیمروں نے پہلی ٹرین کی آمد کے یادگار لمحات محفوظ کیے۔ اتحاد ریل کی مسافر سروس کا آغاز متحدہ عرب امارات کے نقل و حمل کے نظام میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔







