
خلیج اردو
فجیرہ پولیس نے موسم گرما کی تعطیلات کے اختتامی دنوں میں نوعمر نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ، سڑکوں پر کرتب دکھانے اور رات گئے غیر منظم اجتماعات کے خلاف خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی۔
مسافی کمپریہینسو پولیس اسٹیشن نے محکمہ میڈیا اور تعلقات عامہ کے تعاون سے یہ مہم شروع کی، جس کا مقصد عوامی سڑکوں پر غیر ذمہ دارانہ رویوں کی روک تھام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے دوران نوجوانوں کی جانب سے رات گئے سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں جمع ہونے، تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں گاڑیاں چلانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی اجتماعات اور اسٹریٹ ریسنگ جیسے واقعات کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔
فجیرہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، خطرناک ڈرائیونگ، بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور دیگر شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور بغیر لائسنس نوجوانوں کو گاڑیوں کی چابیاں ہرگز نہ دیں۔
فجیرہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رات گئے ہونے والے مشکوک اجتماعات، غیر قانونی ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے واقعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔







