
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے قومی ریلوے منصوبے اتحاد ریل نے مسافروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بعض خلاف ورزیوں کی صورت میں مسافروں کو ٹرین یا اسٹیشن سے فوری طور پر باہر جانے کا کہا جا سکتا ہے۔
اتحاد ریل اگلے ماہ دبئی میں الیلیس اسٹیشن کے افتتاح کے ساتھ اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے مسافروں کی رہنمائی کے لیے ایک نیا چارٹر متعارف کرایا ہے۔
ضوابط کے مطابق اگر کوئی مسافر ٹرین میں موبائل فون یا کسی دوسرے آلے پر بلند آواز میں آڈیو چلاتا ہے اور دوسرے مسافروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے تو ریلوے عملہ اسے اگلے اسٹیشن پر اترنے کی ہدایت دے سکتا ہے۔
نشے کی حالت میں موجود افراد یا اپنے ساتھ شراب لے جانے والے مسافروں کو بھی ٹرین یا اسٹیشن سے باہر جانے کا کہا جا سکتا ہے۔ ریلوے حکام ایسے افراد کو اس وقت تک سفر کی اجازت نہیں دیں گے جب تک وہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی نہ بنا دیں۔
اسی طرح اگر کسی مسافر کے کپڑوں یا سامان سے ٹرین، اسٹیشن یا دوسرے مسافروں کے سامان کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو تو اسے بھی سفر سے روک دیا جائے گا۔
اتحاد ریل کے اہم ضوابط:
|| قطار توڑنے، عملے کی ہدایات نظر انداز کرنے اور نامناسب لباس پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔
|| سگریٹ نوشی، ویپنگ اور جلتی ہوئی اشیا ساتھ لے جانا ممنوع ہوگا۔
|| منشیات رکھنے یا استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔
|| گالی گلوچ، دھمکی آمیز یا ہراساں کرنے والا رویہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
|| ٹرین کے دروازوں یا حفاظتی نظام میں مداخلت نہیں کی جا سکے گی۔
|| بغیر اجازت تصاویر یا ویڈیوز بنانا ممنوع ہوگا۔
|| کچرا پھینکنے اور تھوکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
|| تیز بو والے کھانے یا ایسے مشروبات لانے پر پابندی ہوگی جن سے دوسرے مسافروں کو پریشانی ہو سکتی ہو۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق اگر کوئی مسافر عملے کی ہدایات کے باوجود ٹرین یا اسٹیشن چھوڑنے سے انکار کرتا ہے تو مجاز اہلکار ضرورت پڑنے پر مناسب طاقت استعمال کرتے ہوئے اسے وہاں سے ہٹا سکتے ہیں۔
اتحاد ریل نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بار بار بغیر درست ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں پر تمام ریلوے سروسز کے استعمال پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔







