متحدہ عرب امارات

شدید بارش اور تیز ہواؤں کا خدشہ، ابوظہبی نے خراب موسم سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ہدایات جاری کر دیں

خلیج اردو

ابوظہبی حکام نے ملک میں غیر مستحکم موسمی صورتحال کے دوران شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی سیفٹی گائیڈ لائنز ہینڈ بک جاری کر دی ہے۔ ہینڈ بک میں شدید بارش، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور دھند کے دوران احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہنگامی صورتحال میں رابطے کے نمبرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں 3 سے 7 اگست تک مختلف شدت کی بارشوں کا امکان ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص مشرقی حصوں میں بارش کا باعث بننے والے گرج چمک والے بادل بن سکتے ہیں۔

شدید بارش کے دوران احتیاطی تدابیر

شہری درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں اور کھڑکیاں کھولنے سے اجتناب کریں۔

گرج چمک کے دوران شیشے کی کھڑکیوں، شیشے اور دھات کے دروازوں سے دور رہیں جبکہ گری ہوئی بجلی کی تاروں کو ہاتھ نہ لگائیں۔

کھلے مقامات پر گرج چمک کے دوران موبائل یا لینڈ لائن فون استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بارش میں ایسے دھاتی یا برقی آلات کو ہاتھ نہ لگائیں جو موسمی حالات سے متاثر ہوئے ہوں۔

سیلابی پانی، ندی نالوں، وادیوں کے دہانوں اور وادیوں کے کناروں سے دور رہیں۔ شدید گرج چمک کے دوران بچوں کو باہر نہ جانے دیں۔

شدید بارش کے دوران مین ہول کے ڈھکن اٹھانے یا سیوریج چیمبرز میں داخل ہونے سے بھی گریز کریں۔

غیر ضروری طور پر شدید بارش یا گرج چمک کے دوران گاڑی چلانے سے اجتناب کریں اور خراب موسمی حالات کے اعلان کے دوران وادیوں میں بہنے والے پانی میں گاڑی لے جانے سے گریز کریں۔

ڈرائیورز سڑکوں پر نصب سائن بورڈز اور الیکٹرانک گائیڈنس بورڈز پر درج رفتار کی حد پر عمل کریں اور سڑک کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیں۔ سیلابی پانی کے قریب گاڑی داخل کرنے یا روکنے سے گریز کیا جائے۔

تیز ہواؤں کے دوران احتیاط

گھر سے باہر موجود افراد ہوا کی شدت کم ہونے تک واپس گھر جانے سے گریز کریں۔ دمے یا دیگر دائمی سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد اپنی ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ادویات اور انہیلر بروقت استعمال کریں۔

ضرورت کے تحت باہر نکلتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کریں جبکہ آنکھوں کی حفاظت کے لیے چشمہ پہننے اور کانٹیکٹ لینز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تیز ہواؤں کے دوران سمندر میں جانے یا سمندری سرگرمیوں میں حصہ لینے سے گریز کریں۔ تعمیراتی مقامات اور ایسی جگہوں سے بھی دور رہیں جہاں غیر محفوظ اشیا گر کر چوٹ کا باعث بن سکتی ہیں۔

کھڑکیوں، شیشے اور دھات کے دروازوں سے دور رہیں اور انہیں مضبوطی سے بند رکھیں۔ درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب کھڑے ہونے کے ساتھ غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے بھی گریز کیا جائے۔

دھند کے دوران ڈرائیونگ کیلئے ہدایات

دھند میں رفتار کی مقررہ حد پر عمل کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

اگر گاڑی روکنا ضروری ہو تو سڑک کے کنارے پارک کرنے کے بجائے محفوظ مقام پر گاڑی روکیں اور ہیزرڈ لائٹس آن رکھیں۔

حدِ نگاہ کم ہونے کی صورت میں ہیڈ لائٹس استعمال کریں، ڈرائیونگ کے دوران توجہ بھٹکانے والی سرگرمیوں سے گریز کریں اور ضرورت کے بغیر آگے چلنے والی گاڑی کو اوور ٹیک نہ کریں۔

ژالہ باری کے دوران احتیاط

ژالہ باری کے دوران گھر سے باہر نہ نکلیں اور شیشے کی کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔

ژالہ باری کے دوران گاڑی چلانے سے گریز کریں اور سڑکوں پر درج رفتار کی حدود اور الیکٹرانک گائیڈنس بورڈز پر دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

ہینڈ بک میں غیر مستحکم موسم شروع ہونے سے قبل احتیاطی تدابیر اور شدید بارش یا ژالہ باری کے بعد اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button