
خلیج اردو
دبئی میں بجلی اور پانی کے زیادہ بل ادا کرنے والے رہائشی اپنی کھپت کو بہتر انداز میں مانیٹر اور کم کرنے کے لیے دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (DEWA) کے Smart Living اقدام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس سروس کے ذریعے صارفین اپنے بل کی تفصیلات دیکھنے کے ساتھ مختلف ٹیرف سلیبز کا جائزہ لے سکتے ہیں اور روزانہ، ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر بجلی اور پانی کے استعمال کے رجحانات مانیٹر کرسکتے ہیں۔
Smart Living ڈیش بورڈ میں Consumption Assessment Tool بھی موجود ہے۔ صارفین کو اپنے استعمال کی عادات، گھر کی نوعیت، رہائشی افراد کی تعداد اور استعمال ہونے والے برقی آلات سے متعلق چند سوالات کے جواب دینا ہوتے ہیں۔
سروے مکمل ہونے کے بعد صارفین کو اپنے گھر کی کھپت کا تفصیلی پروفائل فراہم کیا جاتا ہے جس میں بجلی اور پانی کے استعمال کو مؤثر بنانے کے لیے مخصوص تجاویز اور عملی رہنمائی شامل ہوتی ہے۔
DEWA نے پانی کے ممکنہ اخراج کا فوری پتا لگانے کے لیے High Water Usage Alert سروس بھی متعارف کرائی ہے۔ استعمال میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں صارفین کو فوری اطلاع مل جاتی ہے تاکہ لیکیج کی بروقت مرمت کرکے پانی کے ضیاع اور اضافی اخراجات سے بچا جاسکے۔
اس کے علاوہ Away Mode فیچر گھر سے دور رہنے والے صارفین کے لیے مفید ہے۔ یہ ای میل کے ذریعے روزانہ یا ہفتہ وار کھپت کی رپورٹس اور الرٹس بھیجتا ہے جس سے گھر خالی ہونے کے دوران غیر معمولی بجلی یا پانی کے استعمال کا بروقت پتا چلایا جاسکتا ہے۔






