متحدہ عرب امارات

ہالی ووڈ شخصیات کے معروف فیشن اسٹائلسٹ اور نومسلم کیتھ بریوسٹر دبئی میں انتقال کر گئے، تدفین القصیص قبرستان میں کی گئی

خلیج اردو
ہالی ووڈ شخصیات کے معروف فیشن اسٹائلسٹ اور نومسلم کیتھ بریوسٹر دبئی میں انتقال کر گئے، جہاں نمازِ جمعہ کے بعد ان کی تدفین القصیص قبرستان میں اسلامی طریقے کے مطابق کی گئی۔ قریبی دوستوں کے مطابق انہوں نے زندگی کے آخری مہینوں میں روحانیت اور عبادت کو اپنی زندگی کا مرکز بنا لیا تھا۔

کیتھ بریوسٹر کے قریبی دوست عیسیٰ واشنگٹن نے بتایا کہ وہ علی الصبح تقریباً چار بجے الجداف میں واقع اپنی رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کیے جا رہے تھے کہ راستے میں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کے اہل خانہ اس وقت امریکا میں موجود ہیں جبکہ دبئی میں موجود دوستوں نے تدفین کے انتظامات کیے۔

دوستوں کے مطابق کیتھ بریوسٹر نے چند سال قبل اسلام قبول کیا تھا، تاہم تقریباً پانچ ماہ قبل انہوں نے اپنی مذہبی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کرنا شروع کی۔ عیسیٰ واشنگٹن نے کہا کہ “وہ بہت زیادہ روحانی ہو گئے تھے اور زیادہ تر وقت اللہ کی عبادت میں گزارتے تھے”۔

ان کی قریبی دوست رابعہ کے مطابق کیتھ بریوسٹر نے رمضان 2023 کے آخری عشرے میں ان کے گھر پر کلمہ شہادت پڑھا تھا، جبکہ دسمبر 2025 میں ایک مسجد میں باضابطہ طور پر قانونی شہادت کا عمل مکمل کیا تاکہ اسلامی تدفین کی خواہش پوری کی جا سکے۔

کیتھ بریوسٹر فیشن اور شوبز انڈسٹری میں ایک نمایاں نام تھے۔ انہوں نے یورپ اور امریکا کے معروف فیشن میگزینز میں کریئیٹو اور فیشن ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا جبکہ ہالی ووڈ شخصیات جولیان مور، کیٹ بیکنسیل، ایمان اور ڈیان لین سمیت کئی مشہور چہروں کے ساتھ کام کیا۔

انہوں نے لوریال، ریولون، نائکی، فیلا اور ایڈیڈاس جیسے عالمی برانڈز کے لیے بھی اسٹائلنگ مہمات کی قیادت کی، جبکہ ان کا کام وینیٹی فیئر، برٹش ایل اور دیگر بین الاقوامی میگزینز میں شائع ہوتا رہا۔

دوستوں کے مطابق دبئی ان کی زندگی کے آخری دور میں روحانی سکون اور اطمینان کا مرکز بن گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button