
دبئی: دبئی میں گرینڈ عرب مائنڈز 2025 ایوارڈز میں تین ممتاز عرب دانشوروں کو اعزاز دیا گیا، جنہوں نے ثقافت، شناخت اور معاشرتی شعور کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ اعزازات دبئی کے ولی عہد، نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے میوزیم آف دی فیوچر میں تقریب کے دوران پیش کیے۔
فلسطینی معمار اور مصنف ڈاکٹر سعاد عمری کو آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کے شعبے میں ان کی خدمات کے لیے نوازا گیا، جنہوں نے فلسطینی ثقافتی اور تاریخی ورثے کی دستاویزات مرتب کیں اور 50 ہزار سے زائد تاریخی عمارتوں کو رجسٹر کیا، تاریخی مراکز کی بحالی کی اور دستکاری کی تربیت فراہم کی۔
لبنانی ادبی شخصیت پروفیسر شربل داغر کو ادب اور فنون کے شعبے میں اعزاز دیا گیا، جنہوں نے شاعری، ادبی تنقید اور تحریر میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصے میں 70 سے زائد کتابیں شائع کیں۔
لبنان کے پروفیسر بادی ہانی کو اکنامکس کے شعبے میں اعزاز دیا گیا، جنہوں نے اکنومیٹرکس اور پینل ڈیٹا تجزیہ میں پیش رفت کی، جو آج اقتصادی رجحانات کا مطالعہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر استعمال ہو رہے ہیں۔ پروفیسر ہانی نے بتایا کہ ان کی تعلیم کے آغاز میں مالی مشکلات کا سامنا رہا، لیکن بعد میں انہوں نے یونیورسٹی آف پنسلوانیا سے اپنی تعلیم مکمل کی۔







