خلیج اردو آن لائن:
شارجہ پولیس کی جانب سے جعمرات کے روز بتایا گیا ہے کہ 50 سالہ بھارتی شہری حادثاتی طور پر اپنے 59 سالہ رشتہ دار کی گاڑی کے نیچے آکر جانبحق ہوگیا ہے۔
حادثہ 5 اکتوبر کو التعاون کے علاقے میں پیش آیا۔ پولیس آپریشن روم میں حادثے کی اطلاع رات دس بجے کے قریب موصول ہوئی۔
پولیس کی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 50 سالہ بھارتی باشندہ اس وقت جانبحق ہوگیا جب وہ اسے ایئرپورٹ چھوڑنے کے لیے جانے والی گاڑی کی ڈگی میں اپنا سامان رکھ رہا تھا اور اسی اثنا میں اس کے اپنے رشتہ دار نے حادثاتی طور پر گاڑی اس کے اوپر چڑھا دی۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص کو دو گاڑیاں ایئرپورٹ چھوڑنے جانے کے لیے تیار تھیں۔ متاثر شخص گاڑی کی ڈگی میں اپنا سامان رکھ رہا تھا جب اس کے رشتہ دار کا گاڑی کی بریک پر کنٹرول ختم ہوگیا اور گاڑی متاثرہ شخص کے اوپر چڑھ گئی اور اس کے بعد ایک سائن بورڈ سے جا ٹکرائی۔
گاڑی کا ڈرائیور اس حادثے میں زخمی ہوگیا اور اسے نیشنل ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زیر علاج ہے تاہم پولیس کی حراست میں ہے۔ بحیرہ پولیس اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
Source: Gulf News






