متحدہ عرب امارات

بحرین میں ایران سے منسلک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی، 41 افراد گرفتار، دہشت گردی اور نظریاتی سرگرمیوں کے الزامات

خلیج اردو
بحرین کے پراسیکیوشن حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے مبینہ طور پر منسلک 41 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے، جس پر "ولایتِ فقیہ” کے نظریات پھیلانے اور بحرین کے اندرونی معاملات میں ایرانی مداخلت کی راہ ہموار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق گروہ مساجد، دینی مدارس اور تعزیتی اجتماعات کو استعمال کرتے ہوئے اپنے نظریات کی تشہیر کر رہا تھا۔ الزام ہے کہ گروہ نے ملک کے مفادات کے خلاف تقاریر کیں اور افراد کو ایران میں ولایتِ فقیہ کے نظریے کی تعلیم حاصل کرنے اور اسے بحرین میں پھیلانے کے لیے بھرتی کیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان نے ایسے مذہبی علماء کو بھی نشانہ بنایا جو اس نظریے کے مخالف تھے۔ ان پر فتووں، سماجی دباؤ اور فکری ہراسانی کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبانے کی کوششوں کا الزام لگایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گروہ پر دہشت گردی، بدامنی اور تخریبی کارروائیوں کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ فنڈز جمع کرنے کے الزامات بھی ہیں۔ تحقیقات کے مطابق کچھ رقوم ایران، عراق اور لبنان منتقل کی گئیں تاکہ وہاں موجود مبینہ دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کی جا سکے۔

بحرینی حکام نے ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں جبکہ تحقیقات کے دوران سونا، جائیدادیں، گاڑیاں اور دیگر اثاثوں سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ بڑی تعداد میں ایسی مطبوعات بھی ضبط کی گئی ہیں جو ولایتِ فقیہ کے نظریات کی ترویج کرتی تھیں۔

حکام کے مطابق تمام ملزمان سے تفتیش جاری ہے، انہیں قانونی حقوق فراہم کیے گئے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک ان کے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button