
خلیج اردو
دبئی میں پیر کے روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں فی گرام قیمت میں 11 درہم سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں کمی اور امریکی ڈالر کی مضبوطی کے باعث قیمتی دھات دباؤ میں آ گئی ہے۔
مارکیٹ کے مطابق 24 قیراط سونا 536.25 درہم فی گرام پر ٹریڈ ہوا جو جمعہ کے مقابلے میں 11.25 درہم کم ہے۔ اسی طرح 22 قیراط سونا بھی 500 درہم کی سطح سے نیچے آ کر 496.5 درہم فی گرام پر آگیا۔
دیگر اقسام میں 21 قیراط سونا 476 درہم، 18 قیراط 408 درہم اور 14 قیراط 318.25 درہم فی گرام پر آ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4,467 ڈالر فی اونس رہی، جو 1.23 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور امریکی شرح سود سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے مارکیٹ پر دباؤ بڑھایا ہے۔
سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا کے مطابق سونا اس وقت دباؤ کا شکار ہے کیونکہ امریکی ڈالر مضبوط ہے اور شرح سود طویل عرصے تک بلند رہنے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ عام طور پر سونے کو سپورٹ دیتا ہے، لیکن موجودہ صورتحال میں فیڈرل ریزرو کی سخت مالی پالیسی سونے پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتیں ابھی غیر مستحکم ہیں، اس لیے خریداری کا فیصلہ فوری جذبات کی بجائے طویل مدتی حکمت عملی کے تحت کرنا چاہیے۔







