متحدہ عرب امارات

جے پور سے دبئی جانے والی پروازوں میں شدید خلل، مسافر 9 گھنٹے تک تاخیر کا شکار

خلیج اردو
دبئی: ہفتے کے اختتام پر جے پور سے دبئی جانے والی متعدد پروازیں شدید تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو نو گھنٹے تک انتظار کی اذیت جھیلنی پڑی۔ اس دوران تکنیکی مسائل اور تعطیلات کے باعث سفری دباؤ نے جنوبی ایشیا سے دبئی کے مصروف ترین روٹس کو بری طرح متاثر کیا۔

اتوار 13 جولائی کو اسپائس جیٹ کی پرواز SG 57، جو صبح 9:30 بجے جے پور سے روانہ ہونا تھی، نو گھنٹے تاخیر کے بعد شام 6:22 بجے روانہ ہوئی۔ پرواز کی تاخیر کی وجہ دبئی سے آنے والی پرواز SG 58 کی دیر سے آمد بتائی گئی، جو خود تکنیکی مسائل کے سبب صبح 3:40 بجے کی مقررہ روانگی کے بجائے دوپہر 12:19 بجے روانہ ہوئی اور شام 5:34 بجے جے پور پہنچی۔

شارجہ کے رہائشی ایس پرمار، جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے، نے خلیج اردو سے بات کرتے ہوئے کہا: "ہمیں گھنٹوں کوئی اطلاع نہیں ملی، بس گیٹ پر انتظار کرتے رہے۔ نو گھنٹوں میں تو ہم دبئی جا کر واپس بھی آ سکتے تھے۔”

اسی طرح، ہفتے کے روز ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX-195 بھی جے پور سے دبئی کے لیے تقریباً چھ گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی، حالانکہ اس کی آنے والی پرواز وقت پر پہنچی تھی۔

8 جولائی کو بھی اسپائس جیٹ کی یہی پرواز SG 57 سات گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ ایک بار کا نہیں بلکہ مسلسل پروازوں میں تعطل کی صورت ہے۔

ادھر ممبئی سے دبئی جانے والی اسپائس جیٹ کی پرواز SG 59 اتوار کے روز 11 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جس پر مسافروں نے ایئرپورٹ پر احتجاج کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مسافروں کو زمین پر بیٹھے، نعرے لگاتے اور خوراک و پانی کی عدم فراہمی پر شکایت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسپائس جیٹ نے بعد ازاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ "طیارے کی مرمت میں وقت زیادہ لگا، جبکہ فلائٹ عملہ اپنی ڈیوٹی کے وقت کی حد (FDTL) سے تجاوز کر گیا، جس کے باعث پرواز میں تاخیر ہوئی۔” ترجمان نے مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button