متحدہ عرب امارات

جبل جیس مکمل طور پر کھل گیا، داخلے کے اجازت نامے کی شرط ختم

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی بلند ترین چوٹی جبل جیس کو مکمل طور پر سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور اب وہاں جانے کے لیے کسی انٹری پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ حکام نے 11 فروری کو تصدیق کی کہ زائرین اب بلا روک ٹوک پہاڑی مقامات، خوبصورت ویو پوائنٹس، تفریحی سرگرمیوں اور ریسٹورنٹس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

یہ اقدام راس الخیمہ کی اس مقبول سیاحتی منزل پر آنے والے مہمانوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی سڑک کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچنے پر سیزن کے آغاز میں جبل جیس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں مرمتی کام اور حفاظتی جائزے کے دوران محدود رسائی دی گئی تھی۔

حکام کے مطابق بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد تمام پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں اور معمول کے مطابق رسائی بحال ہو گئی ہے۔

یو اے ای کے بلند ترین ریسٹورنٹ “1484 بائی پیورو” میں کھانا کھانے کے خواہشمند افراد کو آمد پر کنفرم ریزرویشن دکھانا ہوگا۔ ریڈ راک بی بی کیو بھی دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور مکمل مینو کے ساتھ مہمانوں کو خوش آمدید کہہ رہا ہے۔

دیگر تمام تفریحی مقامات اور ویو پوائنٹس عوام کے لیے کھلے ہیں، جہاں سیاح ٹھنڈے موسم اور قدرتی مناظر سے بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔

جیس اسکائی ٹور 18 فروری سے دوبارہ شروع ہوگا۔ ملٹی زپ لائن ایڈونچر بدھ سے اتوار اور سرکاری تعطیلات پر صبح 9:30، 11:30 اور دوپہر 2 بجے دستیاب ہوگا۔

سیاحتی سرگرمیوں کی مکمل بحالی سے راس الخیمہ میں سیاحت کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button