
خلیج اردو
دبئی — فلپائن میں سپر طوفان فنگ وونگ (Fung-wong) کے حملے نے تباہی مچا دی، جس سے کم از کم دو افراد ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے، جبکہ یو اے ای میں مقیم فلپائنی شہری اپنے اہل خانہ کی سلامتی کے لیے پریشان ہیں۔
مقامی طور پر "اُوان” کہلانے والا یہ طوفان اتوار کی شب صوبہ آورورا میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ ٹکرانے والا ہے۔ حکام نے ایک ملین سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
شارجہ میں مقیم فلپائنی نینی فاطمہ ایس نے بتایا کہ ان کے رشتہ دار صوبہ اسابیلا میں رہتے ہیں، جہاں ہلکی تعمیر والے مکانات خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہر بار جب پانی بڑھنے کی خبر سنتی ہوں تو دل دہل جاتا ہے، بس دعا کرتی ہوں کہ سب خیریت سے رہیں۔”
اسی طرح دبئی کی ایک کمپنی میں کام کرنے والی جے پی اس وقت سیبو میں تعطیلات گزار رہی ہیں اور بجلی منقطع ہونے کے باعث اپنے اہل خانہ سے رابطہ محدود ہے۔ انہوں نے کہا، "میں فون کی بیٹری بچانے کے لیے ڈیٹا بند رکھتی ہوں، صرف اتنا استعمال کرتی ہوں کہ گھر والوں کو اپنی خیریت بتا سکوں۔”
ادھر دبئی میں مقیم ایک مصنف اے ٹی نے بتایا کہ وہ میٹرو منیلا میں محفوظ ہیں مگر بیکول ریجن میں موجود اہل خانہ کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہم نے خوراک ذخیرہ کرلی ہے، تمام ڈیوائسز چارج کر لی ہیں اور ہنگامی روشنیوں کا بندوبست کیا ہے۔”
ایئرایشیا فلپائن اور ایئرایشیا ملائیشیا نے موسم کی شدت کے باعث 9 اور 10 نومبر کو 400 سے زائد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ متاثرہ مسافروں کو بغیر کسی اضافی چارج کے 30 دن کے اندر دوبارہ بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔







