
خلیج اردو
ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا اور اپنی ٹیم کو آسٹریا کے خلاف 0-2 کی فتح دلا کر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا دیا۔
ٹیکساس میں کھیلے گئے میچ میں 38 سالہ لیونل میسی نے دو گول اسکور کیے۔ پہلا گول انہوں نے پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل شاندار بائیں پاؤں کے شاٹ پر کیا، جبکہ دوسرا گول انجری ٹائم میں چار مدافع کھلاڑیوں اور گول کیپر کو چکمہ دے کر اسکور کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ میسی کے ورلڈ کپ گولوں کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
میسی کے پاس ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا موقع بھی تھا لیکن میچ کے نویں منٹ میں انہیں ملنے والا پنالٹی کک وہ ضائع کر بیٹھے، جس پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین حیران رہ گئے۔
آسٹریا کے کپتان ڈیوڈ الابا نے کئی مواقع پر میسی کو گول کرنے سے روکا، تاہم 38ویں منٹ میں فاکونڈو مدینا کی عمدہ پاس پر میسی نے بال جال میں پہنچا کر تاریخ رقم کر دی۔
اس گول کے ساتھ انہوں نے سابق جرمن اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کا ورلڈ کپ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ میسی اس سے قبل الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک کے ذریعے کلوزے کے 16 گولوں کے ریکارڈ کے برابر آئے تھے۔
میچ کے بعد معلوم ہوا کہ میسی اپنے والد کی ناسازیٔ صحت کے باعث جذباتی دباؤ کا شکار تھے، جس کے سبب پہلے گول کے بعد وہ آبدیدہ بھی دکھائی دیے۔
ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی کی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر بہتر کھیل پیش کیا جبکہ آسٹریا کی جانب سے گول پر خاطر خواہ دباؤ نہیں ڈالا جا سکا۔
اس فتح کے بعد عالمی چیمپئن ارجنٹینا نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا اور ایک مرتبہ پھر ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہو گیا ہے۔







