متحدہ عرب امارات

حسین عبدالرحمان خنسہب، یو اے ای کی تعمیراتی صنعت کے معمار اور انسان دوست شخصیت انتقال کرگئے

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی صنعت کے بانیوں میں شمار ہونے والے اور معروف سماجی شخصیت حسین عبدالرحمان خنسہب انتقال کر گئے۔ انہوں نے 1954 میں اپنے چچا کے انتقال کے بعد خنسہب سول انجینئرنگ کمپنی کی ذمہ داری سنبھالی اور اسے خطے کی سب سے مؤثر تعمیراتی کمپنیوں میں بدل دیا۔

کمپنی کے سینئر پروجیکٹ مینیجر حسن العامر نے بتایا کہ مرحوم کی سب سے بڑی ترجیح ہمیشہ ضرورت مندوں کی مدد تھی۔ انہوں نے کہا کہ حسین خنسہب نے کبھی کسی ضرورت مند کو واپس نہیں لوٹایا اور اپنے ملازمین کے ساتھ بھی بے مثال رویہ اختیار کیا۔ کووڈ 19 کے دوران ایک ملازم کے انتقال کے بعد ان کی بھارتی بیوہ نے جب امارات میں رہائش کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے اس کا رہائشی پرمٹ اور رہائش کے اخراجات اپنی کمپنی کے ذمے لے لیے۔

مرحوم کے فلاحی منصوبے صرف یو اے ای تک محدود نہیں تھے بلکہ کئی ممالک میں یتیموں اور بیواؤں کی کفالت کرتے رہے۔ حسن العامر نے کہا کہ "مجھے نہیں معلوم کتنے یتیم اور بیوائیں ان کے جانے پر روئیں گے، وہ بہت رحم دل شخصیت تھے۔”

حسین خنسہب کی قیادت میں کمپنی نے متحدہ عرب امارات میں کئی تاریخی تعمیرات کیں جن میں 1967 میں سینٹ میری چرچ، 1969 میں کلاک ٹاور راؤنڈ اباؤٹ اور 1975 میں شارجہ ایئرپورٹ شامل ہیں۔

یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مرحوم کو یاد کرتے ہوئے انہیں "انفراسٹرکچر منصوبوں کا بانی” قرار دیا اور ان کے خیراتی کاموں کو ہمیشہ زندہ رہنے والا ورثہ کہا۔ اسی طرح صدر مملکت شیخ محمد بن زاید نے 2021 میں انہیں ابو ظبی ایوارڈ سے نوازا اور تقریب کے دوران محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے سر پر بوسہ دیا۔

سماجی حلقوں نے بھی حسین خنسہب کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ "ہر وہ گھر جو انہوں نے بنایا اور ہر وہ زندگی جسے انہوں نے چھوا، امید کا چراغ بن گیا۔ ان کی یاد انسانیت کے راستے پر ہمیشہ روشنی بکھیرتی رہے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button