متحدہ عرب امارات

نیٹ فلکس کا پاس ورڈ خطرے میں؟ لاکھوں اکاؤنٹس ہیک، کاسپرسکی کی رپورٹ نے خبردار کر دیا

خلیج اردو
دبئی: دنیا بھر میں مقبول اسٹریمنگ پلیٹ فارمز جیسے نیٹ فلکس، ڈزنی پلس اور ایمیزون پرائم ویڈیو کے کروڑوں صارفین کے اکاؤنٹس سائبر حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔ عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کاسپرسکی نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 کے دوران 70 لاکھ سے زائد اسٹریمنگ اکاؤنٹس ہیک کیے گئے۔

کاسپرسکی کے ڈیجیٹل فُٹ پرنٹ انٹیلیجنس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ان ہیک شدہ اکاؤنٹس میں 56 لاکھ سے زیادہ صرف نیٹ فلکس سے متعلق ہیں۔ رپورٹ کے مطابق براہ راست پلیٹ فارمز سے کوئی ڈیٹا چوری نہیں کیا گیا بلکہ یہ معلومات بڑے پیمانے پر کی گئی ’کریڈینشل تھیفٹ‘ مہمات کے ذریعے حاصل کی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیٹ فلکس کے متاثرہ صارفین کی سب سے بڑی تعداد برازیل سے ہے، اس کے بعد میکسیکو اور بھارت کے صارفین شامل ہیں۔ اس حوالے سے نیٹ فلکس مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ (MENA) نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ دسمبر 2024 تک نیٹ فلکس کے MENA ریجن میں 35 لاکھ سے زائد صارفین تھے۔

ڈزنی پلس کے حوالے سے 6 لاکھ 80 ہزار سے زائد اکاؤنٹس ڈیٹا لیک میں ظاہر ہوئے، جن میں برازیل، میکسیکو اور جرمنی کے صارفین سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ایمیزون پرائم ویڈیو بھی اس مہم کا نشانہ بنی، اگرچہ اس کا حجم نسبتاً کم تھا، اور اس کے 1,607 اکاؤنٹس متاثر ہوئے۔ سب سے زیادہ ہیک شدہ ایمیزون اکاؤنٹس میکسیکو، برازیل اور فرانس سے رپورٹ ہوئے۔

کاسپرسکی نے کہا ہے کہ ’’اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، فین کلچر اور سوشل میڈیا جنریشن زیڈ کے روزمرہ تجربات کا حصہ بن چکے ہیں، اور اسی لیے سائبر حملہ آور اب ان پلیٹ فارمز کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں نوجوان خود کو سب سے زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں۔‘‘

کاسپرسکی کی سیکیورٹی ہدایات:

  • اگر آپ کو شک ہو کہ آپ کا اکاؤنٹ متاثر ہوا ہے تو فوراً پاس ورڈ تبدیل کریں اور اکاؤنٹ میں مشکوک سرگرمی چیک کریں۔

  • اسٹریمنگ سروسز ہمیشہ اصل اور قانونی ذرائع سے استعمال کریں اور صرف آفیشل ویب سائٹس یا ایپ مارکیٹس سے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

  • مشکوک ویب سائٹس سے بچیں، یو آر ایل اور کمپنی کے نام کی ہجوں کو اچھی طرح چیک کریں تاکہ فشنگ سائٹس سے محفوظ رہیں۔

  • ڈاؤن لوڈ فائلوں کے ایکسٹینشنز کا خیال رکھیں، ویڈیو فائلز کے ساتھ .exe یا .msi ایکسٹینشن نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ عام طور پر نقصان دہ پروگرامز سے منسلک ہوتے ہیں۔

  • کسی بھی ذاتی معلومات کو درج کرنے سے پہلے ویب سائٹ کی اصلیت کی تصدیق ضرور کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button