
خلیج اردو
راولپنڈی، 30 مئی 2025
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف آرمی اسٹاف نے آج کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالب علم افسران اور کالج کی فیکلٹی سے خطاب کیا۔
آرمی چیف نے آپریشن "بنیانِ مرصوص” کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کے تحت پاکستانی عوام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فولادی دیوار بنے، اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "معرکۂ حق” کی کامیابی قومی عزم اور تمام قومی اداروں کی ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال فوجی جارحیت کے بڑھتے رجحان کو خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری توجہ کو منتشر کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حل پر زور دیتے ہوئے انہوں نے بھارت کی غیرقانونی "آبی دہشت گردی” کو ناقابل قبول قرار دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی میں بھارتی کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے، انسدادِ دہشت گردی کی نئی مہم پر اعتماد ظاہر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے تمام مظاہر کے خلاف قومی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
قیادت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نوجوان افسران کو جذبے، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے جدید سوچ اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کو مستقبل کے عسکری قائدین کی تربیت پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ "تربیت میں صرف موجودہ حالات نہیں بلکہ مستقبل کے میدانِ جنگ کی تیاری بھی ہونی چاہیے، جو ہم سے چابک دستی، جدت اور پختہ عزم کا تقاضا کرتا ہے۔”
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج نے کیا۔






