متحدہ عرب امارات

اب ایمریٹس کی فلائٹ کا کرایہ کرپٹو کرنسی سے ادا کیا جا سکے گا

خلیج اردو
دبئی کی ایمریٹس ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب اپنی پروازوں کے ٹکٹ کی ادائیگی کرپٹو کرنسی کے ذریعے بھی کر سکیں گے۔

ایمریٹس نے لائسنس یافتہ کرپٹو ایکسچینج کمپنی Crypto.com کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت صارفین ایمریٹس کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل کرنسی سے ٹکٹ بک کر سکیں گے۔

وہ صارفین جن کا Crypto.com اکاؤنٹ موجود ہے، emirates.com یا ایمریٹس ایپ پر بکنگ کے دوران ادائیگی کے مرحلے میں Crypto.com Pay کا انتخاب کر سکیں گے۔ یہ سہولت اہل یو اے ای رہائشیوں کے لیے دستیاب ہوگی اور بکنگ کی قیمت اور ادائیگی اماراتی درہم میں طے کی جائے گی۔

کرپٹو سے ادائیگی کا طریقہ کار

موبائل ایپ کے ذریعے بکنگ کرنے والے صارفین کو ادائیگی مکمل کرنے کے لیے Crypto.com ایپ پر منتقل کیا جائے گا، جہاں وہ اپنے والٹ سے ادائیگی کریں گے۔ ادائیگی مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ ایمریٹس ایپ پر واپس لا کر بکنگ کنفرمیشن اور ای ٹکٹ جاری کر دیا جائے گا۔

ڈیسک ٹاپ پر emirates.com کے ذریعے بکنگ کرنے والے صارفین ادائیگی کے مرحلے پر Crypto.com Pay منتخب کریں گے، پھر بکنگ پیج پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے Crypto.com ایپ کے ذریعے ادائیگی کی منظوری دیں گے۔ تصدیق کے بعد بکنگ کنفرمیشن اور ای ٹکٹ جاری ہو جائے گا۔

Crypto.com سنگاپور کی کمپنی ہے جو متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک سے Stored Value Facilities (SVF) لائسنس حاصل کرنے والی پہلی ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندہ (VASP) بنی۔

یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کا حصہ ہے۔ Crypto.com کی یہ شراکت دبئی کی Cashless Strategy اور D33 اکنامک ایجنڈا کے تحت ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کی کوششوں کو بھی سپورٹ کرے گی، جس کا مقصد 2026 کے اختتام تک سرکاری اور نجی شعبوں میں 90 فیصد مالی لین دین کو ڈیجیٹل بنانا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button