
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے پہلے لائسنس یافتہ کھیلوں کی شرط بندی اور گیمنگ پلیٹ فارم پلے 971 نے کہا ہے کہ صارفین کے تحفظ کو اس کے نظام کا بنیادی حصہ بنایا گیا ہے۔ پلیٹ فارم پر صارفین کو رقم جمع کرانے کی حد مقرر کرنے، عارضی وقفہ لینے اور خود کو طویل مدت کے لیے کھیل سے الگ رکھنے جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
پلے 971 کی آئی گیمنگ کمرشل ڈائریکٹر فلپا بولینڈ نے کہا کہ کھلاڑیوں کے تحفظ کے تمام اقدامات پلیٹ فارم کی تیاری کے وقت ہی شامل کیے گئے تھے اور انہیں بعد میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق مقصد صارفین کو محفوظ اور قانونی تفریحی ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پلے 971 نے امارات میں موجود فٹبال شائقین کو بین الاقوامی فٹبال مقابلوں، بشمول فیفا ورلڈ کپ میچز، پر قانونی طور پر شرط لگانے کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
بولینڈ کے مطابق پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کے لیے محفوظ شناختی تصدیق کا نظام موجود ہے، جس سے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ تمام صارفین کی عمر کم از کم 21 سال ہو۔ اس کے ساتھ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ضوابط پر بھی عمل کیا جاتا ہے۔
پلے 971، جنرل کمرشل گیمنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ضوابط کے تحت کام کرتا ہے، جس کے باعث صارفین کے تحفظ اور تنازعات کے حل کے نظام کو اماراتی قانون کی پشت پناہی حاصل ہے۔
پلیٹ فارم کے مطابق صارفین روزانہ، ہفتہ وار یا ماہانہ رقم جمع کرانے کی حد مقرر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 72 گھنٹوں سے 42 دن تک کا "ٹائم آؤٹ” اختیار کیا جا سکتا ہے، جس دوران صارف کھیل نہیں سکتے اور نہ ہی مزید رقم جمع کرا سکتے ہیں۔
طویل وقفے کے خواہشمند صارفین کم از کم چھ ماہ کے لیے "سیلف ایکسکلوژن” کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ اس مدت کے دوران کھیلنا یا رقم جمع کرانا ممکن نہیں ہوگا، تاہم اکاؤنٹ میں موجود رقم نکالی جا سکے گی۔
پلیٹ فارم نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ شرط بندی اور گیمنگ کے نتائج غیر متوقع ہوتے ہیں اور ماضی کی جیت یا ہار مستقبل کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہوتی۔ کھیلوں پر شرط لگاتے وقت بھی نتائج کی ضمانت نہیں دی جا سکتی کیونکہ کھلاڑیوں کی فٹنس، موسم اور میچ کے دن کی کارکردگی جیسے عوامل اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
پلے 971 نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے مالی وسائل کے مطابق بجٹ مقرر کریں، اخراجات کا ریکارڈ رکھیں، نقصان پورا کرنے کے لیے مزید شرطیں لگانے سے گریز کریں اور شرط بندی کے لیے قرض یا ادھار رقم استعمال نہ کریں۔
پلیٹ فارم نے ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے صارفین کو تکالم نامی آن لائن معاونتی پلیٹ فارم سے بھی رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے، جہاں ضرورت مند افراد مشاورت اور رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔






