
خلیج اردو
اسلام آباد، 14 مئی 2025: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان آج ٹیلی فون پر اہم بات چیت ہوئی، جس میں جنوبی ایشیاء میں حالیہ بحران اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیاء میں حالیہ بحران کو کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اسی جذبے کے تحت بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
https://twitter.com/CMShehbaz/status/1922679157261033836
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افہام و تفہیم کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اسے کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی، گرمجوش اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون خاص طور پر معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی مفاہمت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کی بحالی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔







