
خلیج اردو
ریاض: وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر ریاض میں موجود ہیں، جہاں ان کا الیمامہ پیلس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے خود وزیراعظم کا خیرمقدم کیا جبکہ سعودی مسلح افواج کے دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط بھی کیے گئے۔
معاہدے کے تحت کسی بھی جارحیت کی صورت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے مشترکہ دفاع اور تحفظ کو یقینی بنائیں گے، جبکہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔







