متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں اسمارٹ پارکنگ سسٹم متعارف، فیس خودکار طور پر درب ای والٹ سے کٹ جائے گی

خلیج اردو
ابوظبی میں رہائشیوں اور گاڑی چلانے والوں کے لیے پارکنگ کا نیا اور جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت پارکنگ فیس خودکار طور پر درب ای والٹ سے وصول کی جائے گی۔ کیو موبیلیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جون سے "فری فلو پیڈ پارکنگ سسٹم” مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔

نئے نظام کے تحت ایس ایم ایس، پارکنگ مشین، کیو آر کوڈ یا کسی بھی دستی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مصنوعی ذہانت اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑی کے پارکنگ ایریا میں داخل ہوتے ہی سیشن شروع ہو جائے گا اور نکلتے وقت فیس کا حساب لگا کر رقم براہ راست درب ای والٹ سے منہا کر لی جائے گی۔

کیو موبیلیٹی کے مطابق اس اقدام سے کاغذی ٹکٹ اور نقد ادائیگیوں کا خاتمہ ہوگا جبکہ پارکنگ کا عمل زیادہ تیز، آسان اور مؤثر بن سکے گا۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ درب ای والٹ میں مناسب بیلنس برقرار رکھیں تاکہ خودکار ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور ممکنہ جرمانوں سے بچا جا سکے۔

ابتدائی مرحلے میں یہ نظام کثیر المنزلہ پارکنگ مراکز اور مخصوص نجی پارکنگ مقامات پر دستیاب ہوگا، جبکہ آئندہ مہینوں میں مزید مقامات تک توسیع کی جائے گی۔

دوسری جانب دبئی میں بھی پارکنگ نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ یکم جون سے پارکنگ میٹروں پر نقد ادائیگی ختم کی جا رہی ہے۔ صارفین نول کارڈ، پارکن موبائل ایپ، دبئی ناؤ اور آر ٹی اے ایپس کے ذریعے ادائیگی جاری رکھ سکیں گے۔

یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل خدمات اور کیش لیس معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button