
خلیج اردو
راس الخیمہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو سیاحت کے سفیر بنانے کے لیے نئی RAK Ambassador مہم شروع کردی ہے جس کے تحت وہ بیرون ملک سے اپنے اہل خانہ، دوستوں اور کاروباری رابطوں کو امارات کی سیر کے لیے بلا سکتے ہیں اور مختلف خصوصی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
یہ اقدام 18 اگست کو شروع کیا گیا ہے اور 19 اگست سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے شہری اور رہائشی بطور سفیر رجسٹر ہوکر بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کو نامزد کرسکتے ہیں۔ ایک اہل میزبان ایک سے زیادہ مہمانوں کو نامزد کرسکتا ہے۔
مہمانوں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے سے پہلے رجسٹر کرنا ہوگا اور ان کے پاس ٹورسٹ ویزا یا ویزا آن ارائیول ہونا ضروری ہے۔
اس پروگرام میں ہوٹلوں میں رعایتی قیام، بڑے سیاحتی مقامات کے ٹکٹ، ریستوران اور کیفے پر ڈسکاؤنٹس، سمندری سرگرمیوں اور سفاری ٹورز سمیت مختلف خصوصی آفرز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لگژری کار رینٹل پر خصوصی سہولیات اور المنار مال میں شاپنگ آفرز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔
RAK Ambassador اقدام راس الخیمہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شروع کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس کا مقصد راس الخیمہ کو عالمی سیاحتی اور سرمایہ کاری مرکز کے طور پر فروغ دینا، ہوٹلوں میں قیام بڑھانا اور سیاحت، مہمان نوازی اور ریٹیل شعبوں میں اخراجات کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام Ras Al Khaimah Vision 2030 کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے جبکہ شہریوں اور رہائشیوں کو امارت کی خوبصورتی اور مواقع دنیا تک پہنچانے میں فعال کردار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
RAK Ambassador پروگرام کے لیے رجسٹریشن راس الخیمہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ویب سائٹ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔







