متحدہ عرب امارات

دبئی میں بس آن ڈیمانڈ سروس میں بڑی توسیع، مسافروں کی تعداد میں ایک سو چھتیس فیصد اضافہ ریکارڈ

خلیج اردو
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بس آن ڈیمانڈ سروس کو مزید چار نئے علاقوں القصیص، جمیرہ ولیج سرکل، الورقاء اور دبئی انویسٹمنٹ پارک تک توسیع دے دی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق دو ہزار پچیس میں اس سروس کے استعمال میں ایک سو چھتیس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں مسافروں کی تعداد چار لاکھ سترہ ہزار سے بڑھ کر نو لاکھ چوراسی ہزار سے تجاوز کر گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی توسیع کے بعد یہ سروس اب دبئی کے سترہ مختلف علاقوں میں انچاس منی بسوں کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جس کا مقصد رہائشی علاقوں کو میٹرو اسٹیشنز، بس اسٹاپس اور تجارتی مراکز سے بہتر انداز میں جوڑنا ہے۔

یہ سروس دبئی بس آن ڈیمانڈ ایپ کے ذریعے کام کرتی ہے، جہاں شہری اپنی ضرورت کے مطابق مشترکہ سواری بک کر سکتے ہیں جبکہ روایتی بس سروس کے برعکس اس میں مقررہ اسٹاپس نہیں ہوتے۔

روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق اس نظام سے انتظار کا وقت کم ہوتا ہے اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے ساتھ شہریوں کو زیادہ مؤثر سفری سہولت میسر آتی ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ فی سفر کرایہ پانچ درہم مقرر ہے جبکہ اضافی مسافر کے لیے چار درہم وصول کیے جائیں گے، اس کے ساتھ ابتدائی مرحلے میں مفت سفری سہولت بھی دی جا رہی ہے تاکہ زیادہ شہری اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ماہرین کے مطابق دبئی میں اسمارٹ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کی جانب بڑھتا رجحان شہریوں کو نجی گاڑیوں کے بجائے جدید عوامی سفری سہولیات اختیار کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button