متحدہ عرب امارات

روبی بلومز’۔ متحدہ عرب امارات میں آٹزم سے متاثرہ بچیوں کے لیے دنیا کی پہلی حسی رہنما کتاب جاری

خلیج اردو
دبئی – متحدہ عرب امارات نے آٹزم سے متاثرہ کم عمر لڑکیوں کے لیے دنیا کی پہلی "سینسری فرسٹ” یعنی حسی رہنما کتاب جاری کر دی ہے، جس کا مقصد حیض جیسے نازک مرحلے کو ان بچیوں کے لیے قابلِ فہم اور کم تکلیف دہ بنانا ہے۔

عمومی طور پر حیض سے متعلق آگاہی والدین کے لیے ایک پیچیدہ موضوع ہوتا ہے، مگر آٹزم سے متاثرہ بچیوں کے والدین کے لیے یہ مرحلہ کہیں زیادہ مشکل بن جاتا ہے۔ روایتی تدریسی مواد عموماً ان بچیوں کی حسی ضروریات کو نظر انداز کرتا ہے، جس کے باعث الجھن، اضطراب اور حسی دباؤ پیدا ہوتا ہے۔

اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے سینیٹری مصنوعات بنانے والی کمپنی ‘نانا’ نے تخلیقی ایجنسی ‘ساچی اینڈ ساچی’ کے اشتراک سے "روبی بلومز” نامی ایک منفرد رہنما کتاب تیار کی ہے۔ اس کتاب میں مختلف ساختوں، آرام دہ رنگوں اور سادہ تصویری خاکوں کے ذریعے حیض کے تمام پہلوؤں کو نہایت حساسیت سے پیش کیا گیا ہے۔

یہ کتاب بچیوں کو حیض کے دوران محسوس ہونے والی مختلف خوشبوؤں، ساختوں اور آوازوں سے متعارف کراتی ہے، اور ان کے ساتھ نرم رویے کے ساتھ آگے بڑھنے کا طریقہ سکھاتی ہے۔

برطانوی نژاد متحدہ عرب امارات کی رہائشی ایما ریس اور ان کی آٹزم سے متاثرہ 17 سالہ بیٹی اونا نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ اونا کو یہ کتاب حیض کے بعد ملی، تاہم یہ اب بھی ان کی پسندیدہ کتاب ہے۔ ایما نے کہا، "ہم نے ابتدا میں ہی بات چیت شروع کر دی تھی، جیسا کہ ہر والدین کرتے ہیں، مگر اس طرح کی کتاب اگر پہلے دستیاب ہوتی تو بات کرنا بہت آسان ہو جاتا۔”

اونا نے کہا کہ ان کے لیے سب سے زیادہ چیلنجنگ چیز حیض کے دوران محسوس ہونے والی ساخت ہے، لیکن یہ کتاب اس مرحلے کو سمجھنے میں بہت مدد دیتی ہے اور چیزوں کو آہستہ آہستہ سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

پروجیکٹ میں شامل آٹزم کی معروف ماہر ڈاکٹر راما کنج نے کہا، "حیض خود ایک اہم جسمانی اور جذباتی سنگ میل ہے، اور آٹزم سے متاثرہ لڑکیوں کے لیے اس کا حسی اثر بہت گہرا ہو سکتا ہے۔ ‘روبی بلومز’ خاص طور پر اس مقصد کے لیے تیار کی گئی ہے کہ ان بچیوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور ان کے خاندانوں کو ضروری مدد فراہم کی جائے۔”

ایسیٹی مشرقِ وسطیٰ و افریقہ کی ریجنل مارکیٹنگ مینیجر مشیل کرا نے کہا، "ہمیشہ سے ہمارا مشن حیض جیسے موضوعات پر عائد پابندیوں کو ختم کرنا رہا ہے۔ یہ کتاب ثابت کرتی ہے کہ ہر بچی، چاہے وہ کسی بھی حالت میں ہو، مساوی آگاہی اور مدد کی مستحق ہے۔”

یہ کتاب نہ صرف تعلیم دیتی ہے بلکہ ایک پُرسکون تجربہ فراہم کر کے آٹزم سے متاثرہ بچیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے حیض کے سفر کو آسان بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button