
خلیج اردو
سعودی عرب نے ملک میں اسلام قبول کرنے والے افراد کے لیے ’نیو مسلم کارڈ‘ سروس متعارف کرا دی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اقدام وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی جانب سے شروع کیا گیا ہے۔
اس سروس کا مقصد اسلام قبول کرنے کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل اور خودکار بنانا ہے۔ کارڈ کو سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (SDAIA) کے تعاون سے تیار کردہ توکلنا ایپ میں شامل کیا گیا ہے، جہاں منظوری کے بعد یہ فوری طور پر ظاہر ہو جائے گا۔
کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے اس کی تصدیق کی جا سکے گی اور معلوم ہو سکے گا کہ یہ متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانے، درست رپورٹس اور اعداد و شمار مرتب کرنے میں مدد دے گا، جس سے بہتر منصوبہ بندی اور فیصلے کرنے میں آسانی ہوگی۔
سعودی عرب اس سے قبل بھی مسلمانوں اور حج و عمرہ زائرین کے لیے متعدد ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرا چکا ہے۔ ان میں نسک ڈیجیٹل پلیٹ فارم شامل ہے، جس کے ذریعے عمرہ ویزا، اجازت ناموں، روضہ رسول ﷺ کی زیارت، رہائش، ٹرانسپورٹ اور مذہبی رہنمائی جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ 2019 میں شروع کیا گیا پلگرم ایکسپیرینس پروگرام حج و عمرہ زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کیا گیا، جبکہ مکہ روٹ انیشیٹو کے تحت مختلف ممالک کے زائرین کے لیے ویزا، بائیومیٹرک، امیگریشن، صحت کے معائنے اور سامان کی کارروائی ایک ہی نظام کے تحت کی جاتی ہے۔
حالیہ عرصے میں سعودی عرب نے ایک سال کی مدت والا ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ویزا ہولڈر 365 دن کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔







