
خلیج اردو
ابوظہبی میں بنگلہ دیشی سفارتخانے نے متحدہ عرب امارات سے باہر موجود بنگلہ دیشی شہریوں کے ویزے منسوخ ہونے کی رپورٹس پر بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو افواہیں پھیلانے سے گریز اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق اسے متعدد بنگلہ دیشی شہریوں کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وہ چھٹی یا دیگر وجوہات کی بنا پر یو اے ای سے باہر ہیں اور ان کے ویزے بغیر کسی واضح وجہ کے منسوخ دکھائی دے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ویزا منسوخی کسی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہوئی ہے یا اس کے پیچھے کوئی مخصوص وجہ موجود ہے۔
سفارتخانے نے بتایا کہ درست معلومات اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کے ذریعے متعلقہ متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ اور وزارت برائے سمندر پار روزگار و تارکین وطن بہبود سمیت اعلیٰ حکام بھی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
سفارتخانے نے جعلی خبروں کے حوالے سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد بنگلہ دیشی حکومت کے لوگو، سرکاری نشانات، قومی پرچم اور حتیٰ کہ سفارتخانے کے ای میل ایڈریس کا استعمال کرتے ہوئے غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور بنگلہ دیش اور یو اے ای کے قوانین کی مکمل پابندی کرتے ہوئے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ یو اے ای کے سفیر عبداللہ علی المحمودی نے بنگلہ دیش کے وزیر توانائی، بجلی و معدنی وسائل اقبال حسن محمود اور دیگر حکام سے ملاقات کی، جس میں توانائی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔







