
خلیج اردو
شارجہ سول ڈیفنس نے امارت میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے سول ڈیفنس کی خلاف ورزیوں پر عائد تمام جرمانوں اور آگ بجھانے کی خدمات کے اخراجات میں پچاس فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ رعایت دو ہزار انیس سے دو ہزار چھبیس تک جاری کیے گئے تمام جرمانوں پر لاگو ہوگی، جبکہ یہ خصوصی سہولت سولہ جون دو ہزار چھبیس سے تین ماہ کی مدت کے لیے مؤثر رہے گی۔
شارجہ سول ڈیفنس نے عوام سے کہا ہے کہ مزید معلومات کے لیے ادارے کے سرکاری ذرائع سے رابطہ کریں یا ہیلپ لائن نمبر 06 516 3333 پر معلومات حاصل کریں۔
اس سے قبل شارجہ پولیس نے بھی شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کے مطابق کاروباری اداروں کے لیے مراعاتی پیکج کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت تجارتی سرگرمیوں کے سیکیورٹی پرمٹ کی تجدید فیس، خلاف ورزیوں کے جرمانے اور سیکیورٹی نظام کی رکنیت فیس میں پچاس فیصد کمی کی گئی، جبکہ لازمی تربیتی پروگراموں کی فیس میں بھی بیس فیصد رعایت دی گئی۔
یہ اقدامات شارجہ میں کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور نجی شعبے کو مالی سہولت فراہم کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہیں۔







