
خلیج اردو
دبئی — دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے جمعے کو اختتام پذیر ہونے والے "دبئی اے آئی ویک” کے بعد اعلان کیا ہے کہ اس عالمی نوعیت کے ایونٹ کا اگلا ایڈیشن اپریل 2026 میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلی بار اہداف دوگنے کیے جائیں گے، 20 شہرو بھر میں تقاریب ہوں گی، اور دبئی کو "دنیا کے اے آئی لیڈرز کے سالانہ مرکز” کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
شیخ حمدان نے دبئی اے آئی اکیڈمی کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جو ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد 10 ہزار ابھرتے ہوئے لیڈرز اور کاروباری افراد کو جدید ترین اے آئی مہارتوں میں تربیت دینا ہے۔
انہوں نے "اس تاریخی اجتماع” کو سراہا جس میں 30,000 شرکاء نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنی سلسلہ وار پوسٹس میں انہوں نے دبئی فیوچر فاؤنڈیشن، du، Dtec، in5 اور Ignyte کے مابین نئی شراکت داریوں کے معاہدوں کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا: "یہ کوششیں، جو DIFC کی قیادت میں ہو رہی ہیں، اے آئی تعلیم کو فروغ دینے، اسٹارٹ اپس کو مضبوط بنانے، اور کاروباری افراد کو دبئی سے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری اور معاونت فراہم کرنے پر مرکوز ہیں۔”
پورے ہفتے کے دوران سرکاری و نجی شعبوں میں 30 سے زائد نئی اقدامات اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کا آغاز ہوا۔






