متحدہ عرب امارات

دبئی میں مقیم سنگل مدر نے ایک ملین درہم جیت لیے، بیٹی کی بیرونِ ملک قانونی تعلیم کا خواب پورا کرنے کا اعلان

خلیج اردو
دبئی میں مقیم بھارتی نژاد سنگل مدر چیتنیا کماری رام چندرن نے بگ ٹکٹ کے ایک ملین درہم جیتنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ یہ رقم اپنی بیٹی کی اعلیٰ تعلیم پر خرچ کریں گی۔

چیتنیا، جو گزشتہ 14 برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور بطور کمپیوٹر انجینئر کام کرتی ہیں، نے کہا کہ ان کی بیٹی اس وقت گیارہویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہے اور برطانیہ یا آسٹریلیا میں قانون کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی جیت کا علم اس وقت ہوا جب دبئی میں موجود ایک دوست نے خلیج ٹائمز کی سوشل میڈیا پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھیجا۔ اس سے پہلے وہ متعدد فون کالز کو مارکیٹنگ کال سمجھ کر نظر انداز کرتی رہیں کیونکہ اس وقت وہ بھارت میں موجود تھیں۔

چیتنیا کے مطابق ابتدا میں انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ وہ واقعی ایک ملین درہم جیت چکی ہیں۔ “میں نے ای میل کئی بار چیک کی، پھر بگ ٹکٹ کی ویب سائٹ پر جا کر دوبارہ تصدیق کی کہ واقعی میرا ہی نام ہے۔”

انہوں نے کہا کہ یہ صرف چھٹی بار تھا جب انہوں نے بگ ٹکٹ خریدا۔ اس سے پہلے وہ زیادہ تر اپنے دفتر کے ساتھیوں کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹکٹ خریدتی تھیں، لیکن اس بار انہوں نے خود ٹکٹ خریدا تھا۔

چیتنیا نے بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے دبئی میں موجود اپنی قریبی دوست کو پیغام بھیجا جبکہ بھارت میں موجود والدین نے ابتدا میں اسے مذاق سمجھا۔ بعد ازاں انہیں اسکرین شاٹ دکھا کر یقین دلانا پڑا کہ خبر حقیقی ہے۔

سنگل مدر کے طور پر اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی نے انہیں استحکام کی اہمیت سکھائی ہے۔ “خدا نے ہمیشہ ضرورت کی چیزیں عطا کیں، لیکن سنگل پیرنٹ ہونے کی وجہ سے کچھ مشکلات ضرور آئیں، اسی لیے میں سمجھتی ہوں کہ بچت ہی مستقبل کو محفوظ بنا سکتی ہے۔”

چیتنیا نے کہا کہ وہ اس رقم سے پہلے بھارت میں خریدی گئی گاڑی کا قرض بھی ادا کریں گی، تاہم ان کا زیادہ تر فوکس بیٹی کی تعلیم اور مستقبل کو محفوظ بنانے پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی بگ ٹکٹ میں اپنی قسمت آزماتی رہیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button