
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم سری لنکن کمیونٹی نے تباہ کن سائیکلون ڈٹوا سے متاثر ہونے والے اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے ‘ٹیئرز ٹو اسمایلز’ مہم کو تیز کر دیا ہے۔ اس مہم کی قیادت سری لنکن ویلفیئر ایسوسی ایشن (SLWA) اور مختلف پیشہ ورانہ و تعلیمی اداروں کے سابق طلبہ کی تنظیمیں کر رہی ہیں۔
SLWA نے یکم دسمبر کو شروع کی گئی اس مہم کے تحت ایک ہزار گفٹ پیک فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق گزشتہ اختتام ہفتہ کے دوران 530 گفٹ پیک خریدے گئے جن کی مالیت 42 ہزار درہم بنتی ہے جو مقررہ ہدف کا 53 فیصد ہے۔ یہ تمام پیک متاثرہ اضلاع بدولہ، ماتلے اور انورادھاپورا کے سیلاب متاثرین تک پہنچا دیے گئے ہیں، جبکہ مزید درخواستوں کا انتظار ہے۔
سری لنکن بینکرز ایسوسی ایشن UAE (SLBA) بھی اس مہم میں شامل ہے اور سری لنکا میں متعلقہ حکام کے ساتھ براہ راست اور شفاف امداد یقینی بنانے کے لیے سری لنکن سفارتی مشنز کے ساتھ مل کر مربوط طریقہ کار تشکیل دینے میں مصروف ہے۔
سائیکلون ڈٹوا نے رواں ہفتے سری لنکا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ 3 دسمبر بروز بدھ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم 618 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گھروں، انڈسٹریز اور سڑکوں کی بحالی کے لیے تقریباً 7 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ سری لنکن صدر انورا کمارا دسانائیکے نے عالمی امداد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک قائم سری لنکن سفارتی مشنز میں مخصوص بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات دستیاب ہیں۔
SLWA کے صدر سانجیا آر جیراسنہا نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ ’ٹیئرز ٹو اسمایلز‘ پروگرام نے متحدہ عرب امارات میں مقیم سری لنکن کمیونٹی کی یکجہتی کو ثابت کیا ہے اور دکھایا ہے کہ متاثرین تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مادرِ وطن کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
SLBA کے صدر ایم اسحاق رزق نے کہا کہ وہ چیلیج کے مطابق مزید ایکشن پلان تیار کر رہے ہیں تاکہ سری لنکن سفارت خانہ و قونصلیٹ کے ساتھ مل کر متاثرین کی ضروریات کے مطابق امداد جاری رکھی جا سکے۔
پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ایلومنی کے صدر رینل نالاوانگسا نے کہا کہ انہوں نے اپنے ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس امدادی مہم میں حصہ لے کر تباہ کن سیلاب سے متاثر افراد کی مدد کریں۔ سری لنکن ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن دبئی کے صدر رشدی عبدال نے کہا کہ جب بھی ملک کو ضرورت ہو، وہ ہمیشہ مدد کے لیے تیار ہوتے ہیں۔







