
خلیج اردو
جولائی کا مہینہ متحدہ عرب امارات میں آکاش گنگا (ملکی وے) کے شاندار نظارے کے لیے بہترین وقت سمجھا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے شوقین افراد ابوظہبی سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع القوع کا رخ کرتے ہیں، جسے ملک کا تاریک ترین مقام قرار دیا جاتا ہے۔
القوع میں آکاش گنگا کا نظارہ مفت بھی کیا جا سکتا ہے، جبکہ منظم کیمپنگ اور اسٹار گیزنگ پیکجز کی قیمت 400 سے 2 ہزار درہم تک ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آسمان اور ستارے سب کے لیے ایک جیسے ہوتے ہیں، فرق صرف سہولیات اور رہنمائی کا ہوتا ہے۔
اگر آپ اپنی گاڑی پر جائیں تو ابوظہبی سے تقریباً 90 منٹ اور دبئی سے لگ بھگ تین گھنٹے میں القوع پہنچ سکتے ہیں۔ آکاش گنگا کا مرکزی حصہ رات 9 بجے سے صبح 3 بجے کے درمیان سب سے واضح دکھائی دیتا ہے اور اسے دیکھنے کے لیے دوربین ضروری نہیں۔
مفت سفر کرنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے پہلے آف لائن نقشے ڈاؤن لوڈ کریں کیونکہ موبائل سگنل کمزور ہوتا ہے، گاڑی میں مکمل ایندھن، وافر پانی اور کھانا ساتھ رکھیں، کیونکہ وہاں نہ دکانیں ہیں، نہ بیت الخلا اور نہ ہی بجلی کی سہولت موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آکاش گنگا کا بہترین نظارہ نئے چاند (نیو مون) کے دوران ہوتا ہے، کیونکہ چاندنی اس کی روشنی کو مدھم کر دیتی ہے۔ گاڑی کی ہیڈلائٹس سے دور ریت پر جا کر آسمان کا مشاہدہ کرنے اور اسکائی میپ ایپ استعمال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
منظم ٹورز میں رات بھر کیمپنگ، خیمے، باربی کیو ڈنر، ناشتہ اور پورٹیبل بیت الخلا کی سہولت شامل ہوتی ہے، جبکہ پیشہ ور دوربین کے ذریعے ستاروں کا مشاہدہ اور ماہر گائیڈ کی رہنمائی کے لیے اضافی فیس وصول کی جاتی ہے۔ نجی پیکجز کی قیمت 2 ہزار درہم تک پہنچ سکتی ہے۔
دبئی آسٹرونومی گروپ کے چیف ایگزیکٹو حسن الحریری نے خبردار کیا ہے کہ صحرا میں کبھی اکیلے نہ جائیں، کیونکہ رات کے وقت بچھو، سانپ، لومڑیاں اور بھیڑیے متحرک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہمیشہ گروپ کی صورت میں سفر کریں، اپنے سفر کی معلومات کسی قریبی شخص کو دیں، صرف لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز کا انتخاب کریں اور روانگی سے پہلے قمری کیلنڈر ضرور چیک کریں۔







