
خلیج اردو
دبئی – سوڈان میں 2023 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد ہزاروں سوڈانی شہریوں نے متحدہ عرب امارات میں پناہ لی، لیکن نقل مکانی اور مشکلات کے باوجود یہ افراد نہ صرف زندہ رہنے میں کامیاب ہوئے، بلکہ امارات میں اپنے ثقافتی اور تخلیقی ورثے کے ساتھ کامیاب کاروباری سفر کا آغاز بھی کیا۔
رایان انَس، جنہوں نے جنگ کے بعد متحدہ عرب امارات میں قدم رکھا، ان ہی میں سے ایک ہیں۔ وہ زوادہ نامی ایک کاروبار کی بانی ہیں جس نے سوڈانی ذائقوں سے بھرپور دخن (ملٹ) مشروب کو نئی شکل دی ہے۔ ان کے منفرد ذائقوں میں لوبان، کافی، پستہ اور کنول جیسے ذائقے شامل ہیں۔ رایان کا کہنا ہے کہ "ہم خالی ہاتھ امارات پہنچے تھے، لیکن حوصلہ نہیں ہارا۔ ہم نے مارکیٹ کو پرکھا اور وہاں خلا دیکھا جہاں سوڈانی ذائقہ دار دخن کی کوئی پیشکش نہیں تھی۔”
زوادہ کے مشروبات اب آن لائن، کمیونٹی ایونٹس اور سوڈانی اسٹورز میں دستیاب ہیں۔ ابتدا میں انہوں نے ملٹ بھارت سے منگوایا، تاہم اب وہ اسے براہ راست سوڈان سے منگوا رہے ہیں۔
یہی جذبہ دبئی ایکسپو سٹی میں ہونے والے سوڈان گیٹ وے فیسٹیول میں بھی دیکھنے کو ملا، جہاں ملک بھر سے 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں روایتی رقص، موسیقی، مزاح اور ثقافتی پہناوے نے سوڈان کو دوبئی میں زندہ کر دیا۔
فیسٹیول میں افرو لیدر اسٹور کے مینجر احمد یمانی بھی شامل تھے، جنہوں نے بتایا کہ ان کا کاروبار 2019 میں سوڈان سے شروع ہوا لیکن جنگ کے باعث رکا۔ انہوں نے امارات میں کاروبار کو دوبارہ زندہ کیا، جہاں پہلے سے موجود گاہکوں نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ان کا خاص پروڈکٹ مرکوب جوتا ہے جو شیر، اژدہا، گائے اور مگرمچھ کی کھال سے تیار ہوتا ہے۔
اسی فیسٹیول میں اجمان کی رہائشی 28 سالہ السّرور نے اپنے ہاتھ سے تیار کردہ سوڈانی بخور اور عطر نمائش میں پیش کیے۔ وہ کہتی ہیں، "میں نے یہ فن شادیوں میں اپنی بزرگ خواتین سے سیکھا۔ آج بھی تمام خوشبوؤں کا کام ہاتھ سے کیا جاتا ہے۔”
سوڈانی کمیونٹی کے سربراہ ڈاکٹر الامین جعفر نے فیسٹیول میں کہا: "یہ ایونٹس نہ صرف سوڈانی بلکہ اماراتی معاشرے کو بھی جوڑتے ہیں۔ ہم جہاں بھی ہوں، اپنی تہذیب اور علم کے سفیر ہوتے ہیں۔”
سوڈان گیٹ وے فیسٹیول نے صرف ماضی کی یادیں تازہ نہیں کیں بلکہ مستقبل کی امید بھی جگائی۔ سوڈانی مہاجرین نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف حالات سے لڑنے کا حوصلہ رکھتے ہیں، بلکہ نئی سرزمین پر اپنی پہچان بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔







