
خلیج اردو
ابوظہبی: ابوظہبی کی فوجداری عدالت نے آن لائن گیمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنانے پر آٹھ افراد کو قید اور بھاری جرمانوں کی سزا سنائی ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ ملزمان کم عمر بچوں کو جھانسہ دے کر نازیبا مواد شیئر کرنے پر مجبور کرتے تھے۔
عدالت نے مجرمان کو تین سے پندرہ سال تک قید اور دس لاکھ درہم تک کے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس کے ساتھ ہی ان کے زیر استعمال الیکٹرانک آلات ضبط کرنے اور انٹرنیٹ استعمال کرنے پر پابندی لگانے کا حکم دیا گیا۔ تین مجرمان کو سزا مکمل ہونے پر ملک بدر بھی کیا جائے گا۔
مزید برآں، عدالت نے ان کے آن لائن اکاؤنٹس بند کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب ابوظہبی حکام نے مشکوک آن لائن سرگرمیوں اور کم عمر بچوں کے استحصال کے کیسز کی نشاندہی کی۔ تحقیقات کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور فرانزک تجزیے میں ان کے آلات سے بچوں کے فحش مواد کی موجودگی ثابت ہوئی۔
ابوظہبی پبلک پراسیکیوشن نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں، انہیں سوشل میڈیا اور گیمز پر اجنبی افراد کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے کے خطرات سے آگاہ کریں اور بلیک میلنگ کی صورت میں فوری ردعمل دینا سکھائیں۔






